26 مئی 2022 - 13:14
صیہونی حکومت نے کرنل صیاد خدائی کے قتل کا اعتراف کر لیا

امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل تہران میں شہید ہونے والے ایرانی سپاہ پاسداران کے اعلی فوجی افسر حسن صیاد خدائی کو اسرائیلی کارندوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل تہران میں شہید ہونے والے ایرانی سپاہ پاسداران کے اعلی فوجی افسر حسن صیاد خدائی کو اسرائیلی کارندوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے آگاہ ذرائع سے نقل کرتے ہوئے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں لکھا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے امریکی حکومت کو اطلاع دی ہے کہ شہید صیاد خدائی کی ٹارگٹ کلنگ، اس کے کارندوں کا کام تھا۔
امریکی اخبار نے لکھا کہ اسرائیلی وزارت عظمی کے ترجمان نے بظاہر اس ٹارگٹ کلنگ پر اظہار خیال کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم آگاہ انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکی حکام کو رپورٹ دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس قتل میں اس کے اپنے کارندے ملوث ہیں۔
امریکی اخبار نے مزید لکھا کہ "کرنل خدائی" کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ممکنہ طور پر جولائی 2021ء میں مکمل کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سیکنڈ بریگیڈیئر جنرل حسن صیاد خدائی اتوار کے روز تہران کی مجاہدین اسٹریٹ سے گزرتے ہوئے اپنی گاڑی میں گھر کی جانب جا رہے تھے جبکہ اس دوران 2 موٹر سائیکل سواروں نے انہیں 5 گولیوں کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242