18 اپریل 2022 - 10:14
سوئیڈن میں قرآن کریم کی اہانت کی ایران کی جانب سے سخت مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے سوئیڈن میں قرآن کریم کی اہانت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ وہاں ہوا ہے وہ نفرت انگیز ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوئیڈن میں قرآن کریم کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوئیڈن میں جو کچھ ہوا وہ بہت نفرت انگیز ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران قرآن کریم کی اس اہانت کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئیڈن میں اسی ملک کے ایک شہری کے ہاتھوں اس اہانت آمیز اقدام کی تکرار نہایت قابل افسوس ہے اور ہمیں توقع ہے کہ سوئیڈن کی حکومت آزادی بیان سے غلط فائدہ اٹھانے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں پر عمل اور مناسب ردعمل ظاہرکرے گی۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ عالم اسلام کو ان اہانتوں سے گہری تکلیف پہنچی ہے اور مسلمانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسجدالاقصی میں نمازیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے سلسلے میں کہا کہ ہم نےایک بار پھر غاصب صیہونی حکومت کی نمازیوں پر یلغار کے مناظر کو دیکھا ہے انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں متعدد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے لیکن بین الاقوامی ادارے خاموش ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے عالمی اداروں اور اسلامی تعاون تنظیم کی سطح پر اقدامات انجام دیئے ہیں اور وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی اسلامی تعاون تنظیم کو خط روانہ کیا ہے۔

انہوں نے یوم مسلح افواج کی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ویانا مذاکرات کے باقی ماندہ موضوعات کے بارے میں کہا کہ ویانا مذاکرات کا موضوع سب کے لئے پوری طرح واضح ہے اور ایٹمی سمجھوتے میں کوئی تبدیلی واقع ہونے والی نہیں ہے اور جب باقی بچے موضوعات حل ہو جائیں گے تب ہم کہہ سکتے ہیں کہ سمجھوتہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ایرانی تیل کی فروخت کے بارے میں کہا کہ جتنا تیل نکالا جارہا ہے وہ عالمی منڈی میں فروخت ہو رہا ہے ۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہماری اقتصادی صورت حال زرمبادلہ کے لحاظ سے گذشتہ برس کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ، تیل فروخت ہو رہا ہے اور وزارت پیٹرولیم جتنا تیل نکال رہی ہے وہ سب عالمی منڈی میں فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات کے سلسلے میں کہا کہ جب بھی ریاض ہمارے نکات اور سوالوں کا صحیح جواب دے گا اس وقت ہم مذاکرات کی میز پر آجائیں گے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے بارے میں ایرانی و عراقی وزرائے خارجہ کے درمیان گفتگو ہوئی ہے اور جب بھی سعودی عرب ہمارے تحریری نکات کا صحیح جواب دے دے گا ، ہم اگلے دور کے مذاکرات کے لئے تیار ہوجائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242