اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ''حماس'' اور ''جہاد اسلامی'' جیسے فلسطینی مقاومتی گروہوں نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ ''بئرالسبع'' کا شہادتی آپریشن اس بات کی واضح نشاندہی کر رہا ہے کہ صیہونیوں کیخلاف فلسطینی عوام کی مزاحمت جاری رہے گی۔ فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کا گذشتہ روز عبری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین کے جنوبی شہر "بئر السبع" میں ایک چاقو حملے کے نتیجے میں چار صیہونی ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ فلسطینی گروہوں نے اس واقعے کے حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان میں اس بات پر تاکید کی ہے کہ ''بئر السبع'' کا واقعہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ فلسطینی عوام فتح کے حصول تک اپنی مقاومت جاری رکھیں گے۔ حماس کے ترجمان ''عبداللطیف القانوع'' نے اس آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کی صورتحال یہ ظاہر کرتی ہے کہ فلسطینی عوام صیہونی جرائم کا مقابلہ کرنے کیلئے پیشرفت کی طرف گامزن ہے۔ ''شہاب'' نیوز ایجنسی نے ''القانوع'' سے نقل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قابض صیہونیوں کیخلاف جنگ جاری ہے، ان کے ساتھ یہ لڑائی نہیں رکے گی اور یہ آپریشن "شمشیر قدس" کے نام سے جاری آپریشن کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے آباد کار پریشانی اور بدامنی کی حالت میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں صیہونی حکومت کی امتیازی پالیسیوں اور اس کی مسلسل جارحیت کا نتیجہ ہیں۔ جہاد اسلامی کے ترجمان "طارق سلمی" نے بھی اس واقعے کے ردعمل میں کہا کہ مقاومت، صیہونی حکومت کے راستے کی رکاوٹ ہے۔ سلمی نے مزید کہا کہ یہ آپریشن ''النقب'' کے علاقے میں صیہونی حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے جرائم کا ایک فطری ردعمل تھا، تاکہ اسرائیل ایک بار پھر جان جائے گا کہ ہماری قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی، نیز جہاد اور مزاحمت کا یہ پرچم کبھی زمین پر نہیں گرے گا۔ فلسطینی عوامی محاذ کے رکن "محمود الرأس" نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ "جہاں بھی صیہونی دہشتگردانہ آبادکاری ہے، مزاحمت کے علاوہ اسے روکنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔" الراس کا مزید کہنا تھا کہ مقاومت ایک ایسا حق ہے، جس پر تمام بین الاقوامی قوانین اور آسمانی شریعتیں زور دیتی ہیں اور یہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا فطری حق ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242