بھارت کی مشرقی ریاست آسام کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں خوفناک بم دھماکے کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے،ایک سرکاری عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) ملوث ہو سکتا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کی سہ پہر آسام میں بھوٹان کی سرحد کے ساتھ واقع قصبہ کماری کیتا کی ایک معروف مارکیٹ کے قریب بم کا زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق 20 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت مارکیٹ میں خریداری کیلئے لوگوں کا رش تھا۔ دھماکہ کے بعد سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ اس دھماکہ میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام الفاء ملوث ہو سکتا ہے۔