اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ "محبت کے راستے میں" کے عنوان سے ایران میں خطاطی کے معروف اساتید نے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں جمع ہو کر باہمی طور پر جناب ابوطالب (ع) کی بارگاہ میں اظہار عقیدت کیا۔

جناب ابوطالب (ع) حامی پیغمبر اعظم (ص) بین الاقوامی کانفرنس کے سیکرٹریٹ کے اعلان پر قم حرم حضرت معصومہ (س) میں خطاطی کے معروف اساتید نے باہمی طور پر جناب ابوطالب (ع) کے حوالے سے خوبصورت فن پارے تیار کئے۔
جناب ابوطالب کی شخصیت اور اسلام کے تئیں ان کی خدمات کو ایران کے ۱۵ ماہر اساتید نے خوبصورت جملوں کی شکل میں اپنے فن و ہنر کا اظہار کیا اور آپ کی شان میں بہترین جملات خوبصورت انداز میں تحریر کئے۔

میر باقری: ابوطالب ایک غیر معمولی لیکن مظلوم شخصیت ہیں
اس پروگرام میں جو قرآن کریم کی تلاوت سے شروع ہوا حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد مہدی میر باقری نے کچھ دیر گفتگو کی اور جناب ابوطالب کے بے نظیر شخصیت کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا: جناب ابوطالب ایک غیر معمولی شخصیت ہیں اور یہ ان کی سب سے بڑی مظلومیت ہے کہ انہوں نے اس قدر پیغمبر اکرم کی حمایت اور دین اسلام کی خدمت کی لیکن ان کی طرف شرک کی نسبت دی گئی اور انہیں مسلمان قبول نہیں کیا گیا۔
حوزہ علمیہ قم کے استاد نے خطاطی کے اساتید کی قدردانی کرتے ہوئے کہا: فن و ہنر ایک ایسا وسیلہ ہے جس کے ذریعے جناب ابوطالب کی شخصیت کو پہچنوایا جا سکتا ہے اور اس کے ذریعے آپ کے چہرے سے مظلومیت کی گرد و غبار کو ہٹایا جا سکتا ہے۔
اس دوران شاعر اہل بیت (ع مجید تال نے امام محمد باقر علیہ السلام کی شان میں مدح سرائی بھی کی۔
پروگرام کے آخر میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے نائب سیکرٹری حجۃ السلام و المسلمین احمدی تبار نے خطاطی کے اساتید کا شکریہ ادا کیا اور ان کے آثار کی قدردانی کی۔
خیال رہے کہ اس پروگرام میں تیار کئے گئے فن پاروں کو جناب ابوطالب بین الاقوامی کانفرنس میں بطور نمائش پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ "جناب ابوطالب(ع) حامی پیغمبر اعظم (ص) بین الاقوامی سیمینار'' اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے ذریعے اور دیگر ہم خیال اداروں منجملہ آستان مقدس حسینی، موسسہ فرھنگی تحقیقات و نشر حضرت ابوطالب، مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی، دفتر تبلیغات اسلامی، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ، مرکز آموزش زبان حوزہ ہائے علمیہ، اہل بیت(ع) انٹرنیشنل یونیورسٹی، موسسہ فرہنگی میراث نبوت، جامعۃ الزہرا(س)، الذریہ النبویہ تحقیقی سینٹر، موسسہ فرہنگی قاسم بن الحسن(ع)، موسسہ فرہنگی ابناء الرسول، وغیرہ کے باہمی تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔
سیمینار کے بارے میں مزید جانکاری کے لیے فارسی، عربی، انگریزی اور اردو کے پوسٹرز کو یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔
جناب ابوطالب عالمی مشاعرہ کانفرنس بھی اس سیمینار کے ضمنی پروگراموں کا حصہ ہے۔
..............
242