3 ستمبر 2020 - 12:36
چارلی ہیبڈو کے گستاخانہ خاکے چھاپنے سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے: محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی ہفتہ وار میگزین چارلی ہیبڈو کی جانب سے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو پاکستان پر ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ 'میں اپنی اور پوری پاکستان قوم کی جانب سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پرزور مذمت کرتا ہوں جس قسم کے خاکے انہوں نے شائع کیے اس سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے'۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ لوگ مشتعل ہیں، بلاجواز حرکت کی گئی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلامو فوبیا، نسل پرستی اور غیر ملکیوں سے نفرت کا رجحان دنیا میں بڑھتا جارہا ہے اور پاکستان نے ہر فورم پر اس کی نشاندہی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے اقوامِ متحدہ کے گزشتہ اجلاس میں اس کی نشاندہی کی اور دنیا سے یہ اپیل کی کہ اس رجحان کا تدارک ہونا چاہیے جس کے لیے بین الاقوامی سطح پر مل کر سوچنا چاہیئے کہ ایسے رجحانات جو لوگوں کی دل آزاری اور جذبات مجروح کرنے کا سبب بنیں ان کو کس طرح روکا جائے'۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوریت ہے اور جمہوریت اظہار رائے کی قائل ہوتی ہے لیکن یہ آزادی یہ لائسنس نہیں دیتی کہ آپ لوگوں کے جذبات کو مجروح کریں۔

وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی سطح پر اس کا فی الفور تدارک کیا جائے گا اور ایسے رجحانات کی بیخ کنی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے سفیر کے توسط سے فرانسیسی حکومت کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 2015 میں حملے کا نشانہ بننے والے منگل کے روز فرانسیسی میگزین نے حملے کے مقدمے کی سماعت شروع ہونے پر گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی اس اعلان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ 'چارلی ہیبڈو کے اشتعال انگیز اقدام کی کتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے'۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے آپ کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا لائسنس نہیں دیتی'۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ کچھ برسوں میں اسلامو فوبیا کے واقعات میں بے مثال اضافہ دیکھا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲