اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اقلیتوں کے قومی دن پراپنے پیغام میں کہاکہ اقلیتی برادری نے قیام ِپاکستان سے لے کر اب تک ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، آئین میں تمام پاکستانیوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کے ’تصور پاکستان‘ کو حقیقی معنوں میں پروان چڑھایا جائے۔ ایک ایسا پاکستان جس میں قائد اعظم کے فرمان کے عین مطابق ہر اقلیت کو اس کا حق مل سکے۔ برائے نام یوم اقلیت بے معنی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی اور فرقہ ورانہ نفرت کو ختم کرنے کے لیے بانی پاکستان کے تصور ریاست کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔
اِن خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقدام قائداعظم کے تصورپاکستان کاعکاس ہے۔ قائداعظم محمدعلی جناح کی 11اگست 1947ءکی تقریرکو ہرحال میں مد ِنظررکھاجائے۔ اِس طرح کے دن منانے سے اقلیتوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ غیرمسلم پاکستانیوں کے عملاً اور برابر حقوق کیلئے جرات مندانہ اقدامات کرنا ہوںگے، انہیں ایک باوقارشہری کی حیثیت دیناہوگی۔ یہ دن جہاں اقلیتوں سے اظہاریکجہتی کی یاد دلاتاہے وہیں ہمیں قائداعظم کی بصیرت کو بھی اجاگر کرتاہے جس میں انہوں نے تمام اقلیتوں کوریاست ِپاکستان می ںمساوی حقوق دینے کاوعدہ کیاتھا۔
واضح رہے کہ قائداعظم محمدعلی جناح نے اعلان آزادی سے تین دن پہلے پاکستان کی قانون سازاسمبلی سے خطاب کے دوران اصولِ مملکت واولین مقاصد مملکت بیان کرتے ہوئے اعلان کیا تھاکہ مَیں پاکستان کی اقلیتوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ تم میں سے ہر ایک چاہے وہ کسی رنگ، ذات یا نسل یا عقیدے سے متعلق ہو، اس کا تعلق کسی فرقے سے ہی کیوں نہ ہووہ اول و آخر ِاس ریاست کا باشندہ ہوگا اس کے حقوق و مراعات و ذمہ داریاں مشترک ہوں گی۔ آپ آزاد ہیں اِس لئے آزاد ہیں کہ آپ اپنے مندروں میں جائیں، آپ آزاد ہیں اِس لئے آزاد ہیں کہ آپ اپنی مسجد میں جائیں ، پاکستان کی حدود میں کسی بھی عبادت گاہ میں جائیں۔ ہمیں یہ اصول بطور نصب العین اپنے سامنے رکھنا چاہئے اور آپ دیکھیں گے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہندو ہندو نہیں رہے گا اور مسلمان مسلمان نہیں رہے گا، مذہبی لحاظ سے نہیں کیونکہ یہ ہر شخص کا ذاتی عقیدہ ہے بلکہ سیاسی لحاظ سے اس مملکت کے ایک شہری کی حیثیت سے رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲