18 جون 2020 - 10:53
پاکستان میں کورونا کا قہر جاری ہلاکتیں3 ہزار سے زائد

پاکستان مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 118 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 93 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 97 ہزار 810 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 59 ہزار 215 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا سے دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ متاثر ہوا ہے اور پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 60 ہزار 138 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 202 ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں جاری ترقیاتی عمل متاثر نہیں ہوگا۔

سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر شہری تک ترقی کے ثمرات پہنچیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

342/