11 جون 2020 - 15:25
پاکستان و ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتیں 10 ہزارسے زائد

پاکستان اور ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی میڈیا نے صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 9996 نئے معاملوں کے ساتھ ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 286579 ہوگئی ہے جبکہ اس بیماری سے 357 لوگوں کی موت ہونے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 8102 ہوگئی ہے تاہم 141029 لوگ اس وبا سے صحت مند ہوئے ہیں۔

اس وقت ہندوستان کورونا متأثرین کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے جب کہ موجودہ قرائن اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آج وہ اسپین کو پیچھے ہٹا کر پانچویں مقام تک پہونچ جائے گا۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی لاپرواہی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں نہ صرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 536 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 356 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 78 ہزار 789 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 38 ہزار 391 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان مریضوں کے لحاظ سے دنیا کے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔

342/