12 جنوری 2013 - 20:30

کوئٹہ کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے.

ابنا: ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کوئٹہ کو فوج کے حوالے نہیں کیا جاتا احتجاجی دھرنے جاری رہیں گے، انہوں نے یہ اعلان علمدار روڈ کوئٹہ پر شہداء کی لاشوں کے ہمراہ دیئے گئے احتجاج دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے دیگر قائدین علامہ شفقت شیرازی، علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ ابوذر مہدوی اور برادر نثار فیضی بھی ان کے ہمراہ تھے، علامہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے نااہل وزیراعلٰی اسلم رئیسانی کو برطرف کرکے کوئٹہ کو فوج کے حوالے کیا جائے اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جائے، ہمارا یہ احتجاج مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔علامہ ناصر عباس جعفری نے ملت تشیع سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور اس بہیمانہ قتل عام کے خلاف منظم انداز میں احتجاج کریں، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس وحشیانہ قتل عام اور بربریت پر ہر انسان دکھی ہے، لیکن جن کو کسی قسم کا دکھ نہیں وہ یہاں کی حکومت ہے، ہمارے شہداء کا قاتل وزیراعلٰی بلوچستان اسلم رئیسانی ہے، انہوں نے شدید ترین سردی کے موسم میں چھیاسی نعشوں کے ہمراہ علمدار روڈ پر احتجاج کرنے والے کوئٹہ کے غیور مکینوں کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ان نالائق اور بزدل حکمرانوں کو ایوانوں میں گھسنے نہیں دینگے، انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور ملک بھر میں احتجاجی دھرنے دے کر کوئٹہ کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔  ......../110