اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
اتوار

24 نومبر 2019

4:42:37 AM
988755

امریکا دنیا میں عدم استحکام کا باعث ہے : چین

چین نے دنیا میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا میں ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ اقتصادیات کے حامل ممالک کے گروپ جی-20 کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں عدم استحکام کا باعث بننے والا ملک ہے، امریکی حکام اور سیاست دان چین کے خلاف بے بنیاد اور نفرت آمیز مہم چلانے میں مصروف ہیں، اس کے باوجود چین خطے میں استحکام کی خاطر امریکا سے تجارتی معاہدوں کی بحالی کا خواہش مند ہے۔

چین کے وزیر خارجہ نے چین اور امریکا کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کے مذاکرات میں پہل کرنے کو امریکی بالادستی تسلیم کرنے سے نہ جوڑا جائے۔ دونوں ممالک تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں سابق امریکی اہلکاروں اور غیر ملکی مہمانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کے خواہ ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ چین امریکا سے خوف زدہ ہے۔ جنگی صورت حال برقرار رہی تو جوابی اقدامات بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے آغاز سے ہی چین کی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دی تھیں جس کے بعد چین نے بھی اسی طرح کا اقدام کیا تب سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر محصولات کی گولہ باری میں مصروف ہیں ۔




/129