اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Mehr News
ہفتہ

19 اکتوبر 2019

7:35:23 AM
987983

پاکستان میں آج نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) کا چہلم مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے

پاکستان میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے بہتر باوفا ساتھیوں کا چہلم مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اس موقع پر شبیہ علم اور جلوس عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے بہتر باوفا ساتھیوں کا چہلم مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اس موقع پر شبیہ علم اور جلوس عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔پاکستان بھر کی طرح کراچی میں بھی آج شہدائے کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام  کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چہلم کے موقع پر کراچی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی سڑکیں رات گئے ہی کنٹینر رکھ کر بند کر دی گئیں، علاقہ پولیس کی جانب سے رات بھر گلیوں اور راستوں کو بند کرنے کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ جلوس کی گزرگاہ کو جلوس کے برآمد ہونے سے قبل مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، جبکہ صوبے میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے، کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند ہے۔شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستے پر گامزن ہے جس میں شہر بھر سے مختلف چھوٹے بڑے جلوس شامل ہو رہے ہیں۔پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح شہدائے کربلا کی یاد میں آج کوئٹہ میں بھی چہلم کا علم تعزیوں اور ذوا لجناح کا جلوس نکالا جا رہا ہے، سیکیورٹی کے لیے پولیس کے 6 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس علم دار روڈ پر رحمت اللّٰہ چوک سے صبح ساڑھے 9 بجے برآمد ہوا، جلوس سعید احمد روڈ، طوغی روڈ، سرائے نمک مری آباد سے ہوتا ہوا عصر کے وقت بہشت زینب ہزارہ قبرستان پر اختتام پذیر ہو گا۔ہزارہ ٹاؤن کا علم تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس ولی عصر امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو ہزارہ ٹاؤن کے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کےموقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔


/129