اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
اتوار

29 ستمبر 2019

5:45:48 AM
978927

اسرائیل کے قیام کے بعد اسلام دشمنی میں اضافہ ہوا: مہاتیر محمد

مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو اسلامو فوبیا میں مبتلا ممالک اور افراد کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نےفلسطین، کشمیر، میانماراور چین میں مسلمانوں پر ہونے والے جبر اور تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے داد رسی کا مطالبہ کیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے تاحال کشمیر میں تسلط جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو عملاً مسترد کردیا ہے جس پر اس فورم کو اپنی رٹ برقرار رکھتے ہوئے ردعمل دینا چاہیئے۔

مہاتیر محمد نے اسرائیل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے قیام کے بعد اسلام دشمنی میں اضافہ ہوتا گیا جو تاحال جاری ہے، ہم کسی صورت اسرائیل کے فلسطینی سرزمین پر قبضے اور القدس سے متعلق متنازع پالیسی کو قبول نہیں کریں گے۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میانمار آرمی اور حکومت نے اُس درندگی کا مظاہرہ کیا جو کبھی مغربی سامراج نے بھی نہیں کیا ہوگا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو اسلامو فوبیا میں مبتلا ممالک اور افراد کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے اور اقوام متحدہ ان تمام معاملات پر کوئی کردار ادا کرنے میں ناکام نظر آتی ہے اس لیے اقوام متحدہ اپنے انتظامی ڈھانچے پر بھی توجہ دے۔



/129