اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

24 اگست 2019

3:42:20 PM
971172

رہبر انقلاب اسلامی کے حکم سے عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے نئے سیکریٹری جنرل کا تقرر

رہبر انقلاب اسلامی نے ایک حکم کے ذریعے حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر رضا رمضانی کو عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا سیکریٹری جنرل مقرر کیا ہے۔

اہل بیت(ع) خبررسان ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی انقلاب کے رہبر معظم نے اپنے حکم کے ذریعے حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر رضا رمضانی کو عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا سیکریٹری جنرل مقرر کیا ہے۔

حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے اس حکم میں اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کو "حساس بین الاقوامی حالات نیز پیروان اہل بیت علیہم السلام کے اہم مقام کے تقاضوں کے مطابق ارتقائی رجحان" اور "جوان، مفید و مؤثر اور تجربہ کار فکری قوتوں سے فائدہ اٹھانے" کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نیز رہبر معظم نے حجت الاسلام والمسلمین محمد حسن اختری کی طویل المدت اور مخلصانہ خدمات کا شکریہ ادا کیا۔  

واضح رہے کہ جناب ڈاکٹر رمضانی 12 سال کے عرصے سے یورپ میں دینی اور تبلیغی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ (آسٹریا میں ویانا کے امام علی(ع) اسلامی مرکز کے سربراہ: سنہ 2006ع‍ سے 2009ع‍ تک اور جرمنی میں ہیمبرگ اسلامی مرکز کے ڈائریکٹر: سنہ 2009ع‍ سے 2018ع‍ تک)۔

ڈاکٹر رمضانی فارسی، عربی، انگریزی، جرمن، مالائی اور ترکی زبانوں میں 60 سے زائد علمی کاوشوں کے خالق ہیں اور خبرگان قیادت کونسل کے چوتھے اور پانچویں دور میں صوبہ گیلان کے عوامی نمائندے رہے ہیں۔



* رہبر انقلاب اسلامی کے رہبر معظم آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کے حکم کا مکمل متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

جناب حجت‌الاسلام والمسلمین آقائے الحاج شیخ رضا رمضانی دام‌ توفیقہ

عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی سپریم کونسل کے محترم اراکین کی تجویز پر، جناب عالی کو ـ جو کہ اخلاص، علمی تجربے اور بیرون ملک طویل فعالیت جیسے پس منظر کے مالک ہیں ـ اس اسمبلی کا سیکریٹری جنرل مقرر کرتا ہوں۔

امید ہے کہ آپ ارتقائی نقطۂ نظر اور حساس بین الاقوامی حالات نیز پیروان اہل بیت علیہم السلام کے اہم مقام کے تقاضوں پر استوار انداز فکر نیز جوان، مفید و مؤثر اور تجربہ کار فکری قوتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، علماء و مفکرین ـ بالخصوص اسمبلی کی سپریم کونسل اور مجلس عمومی کے اراکین ـ کے ساتھ مؤثر رابطوں کے بدولت خالص اسلام کی تعلیمات کی نشر و اشاعت اور امت مسلمہ کی وحدت و یکجہتی کے فروغ میں کامیاب و کامران ہوں۔

ضروری سمجھتا ہوں کہ اسمبلی کے انتظام و انصرام کے سلسلے میں جناب حجت الاسلام آقائے اختری کی طویل المدت اور مخلصانہ محنت اور کوششوں کا شکریہ ادا کروں۔

حضرت حق تعالی سے فرائض منصبی میں سب کی کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

* سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا عہدہ

عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی ایک عالمی غیر سرکاری تنظیم ہے جو اہل بیت علیہم السلام کے پیروکار مفکرین کے ہاتھوں، ولایت فقیہ کے مقامِ معظم، مسلمانوں کے ولی امر اور عالم تشیّع کی مرجعیت عالیہ کی نگرانی میں تاسیس ہوئی ہے۔ اس اسمبلی کی ذمہ داری خالص محمدی اسلام کو متعارف کروانا، قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کے معارف و تعلیمات کی نشر و اشاعت، خاندان رسول(ص) کے حبداروں اور پیروکاروں کو منظم کرنے، تعلیم و تربیت فراہم کرنے اور ان کی پشت پناہی کرنے نیز اسلامی وحدت و یکجہتی کے استحکام کے لئے کوشش کرنے، سے عبارت ہے۔

سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا سربراہ اور منتظم اعلی ہوتا ہے جو اسمبلی کے انتظام و انصرام اور منظور شدہ پالیسیوں اور منصوبوں کے نفاذ کے لئے اسمبلی کی سپریم کونسل کے اراکین کے ذریعے منتخب اور ولی امر مسلمین کے حکم سے متعین ہوتا ہے۔

* عالمی اہل بیت(ع) کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہنے والی شخصیات یوم تاسیس سے آج تک:

اب تک پانچ افراد سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لئے منتخب ہوئے ہیں جو عالم اسلام کی سطح پر جانی پہچانی شخصیات اور ممتاز صاحبان علم و دانش ہیں:

1۔ آيت اللہ محمدعلی تسخيری؛ دسمبر 1990 سے اگست 1999ع‍ تک۔

2۔ ڈاکٹر علی اکبر ولايتی؛ اگست 1999 سے اکتوبر 2002ع‍ تک۔  

3۔ آيت اللہ محمد مہدی آصفی(رح)؛ اکتوبر 2002 سے مارچ 2004ع‍ تک۔

4۔ حجت الاسلام والمسلمين محمدحسن اختری؛ مارچ 2004 سے اگست 2019ع‍ تک۔

5۔ حجت الاسلام والمسلمين ڈاکٹر رضا رمضانی؛ اگست 2019ع‍ سے ۔۔۔۔

مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے سابق سربراہ: آيت الله محمدعلی تسخيری
مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے سابق سربراہ: ڈاکٹر علی اکبر ولايتی
مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے سابق سربراہ: آيت الله محمدمهدی آصفی(ره)
مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے سابق سربراہ: حجت الاسلام والمسلمين محمدحسن اختری

مجمع جہانی اہل بیت (ع) کے نئے سربراہ: حجت الاسلام والمسلمين رضا رمضانی

.......

/169