اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Astan Quds
اتوار

11 اگست 2019

5:42:55 AM
968133

مراجع تقلید عظام نے آستان قدس رضوی کے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیش کا معائنہ کیا

حضرت آیت اللہ العظمی شیخ جعفر سبحانی نےجو ایک مرجع تقلید اور فقہ ، کلام اور تفسیر جیسے مختلف اسلامی علوم کے دانشوروں میں سے ایک ہیں ، مشہد مقدس کے اپنے مبارک سفر میں آستان قدس رضوی کی اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کا معائنہ کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ آستان قدس رضوی کی اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن ایک طویل مدت سے عالم اسلام اورامامت و ولایت کے محافظین اور پاسبانوں کی میزبانی کرتی آ رہی ہے ۔ہرسال بڑی تعداد میں اسلامی دانشور اس علمی تحقیقاتی  ادارے کا دورہ  کرتے ہیں اور اس فاؤنڈیشن کو اپنی گرانقدرو عالمانہ تجاویز اور رہنمائیوں  سے بہرہ مند کرتے ہیں۔

یہ  نشست ، جس میں تحقیقاتی شعبوں  کے سربراہ اور اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کے کچھ محققین بھی موجود تھے،اس فاؤنڈیشن کی نمایش کے مخصوص  ہال میں منعقد ہوئی ۔ قرآن کریم کی تلاوت کے بعد حجۃ الاسلام ڈاکٹر مرویان حسینی نے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے اس فاؤنڈیشن کے ذریعے کی جانے والی  سید مرتضی علم الہدی کی تصانیف کی نشر واشاعت سے متعلق کوششوں  کو بھی بیان کیا  اور کہا: سید مرتضی کی پچاس سے زیادہ تصنیفات اور وہ کتابیں کہ جو ان کی علمی کاوشوں اور زندگی کے متعلق لکھی گئی ہیں بہت جلد زیور طبع سے آراستہ ہونے والی ہیں۔

آستان قدس رضوی کی اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر کی تقریر کے بعد آیت اللہ العظمی سبحانی نے تقریر کی اور آپ نے اپنی گفتگو کا آغاز آیت)إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُبِينًا لِيَغْفِرَ لَكَ اللَّهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ وَيُتِمَّ نِعْمَتَهُ عَلَيْكَ وَيَهْدِيَكَ صِرَاطًا مُسْتَقِيمًا( سے کیا اور فتح مکہ کو اسلام کی تقویت اور دشمنوں کی جانب سے  رسول اکرم (ص)کی توہین  و اتہامات کے توقف کا سبب قرارد یا اور کہا:شیعوں کے بزرگ و عظیم علماء کی تصانیف کی نشر و اشاعت ، بدخواہ افراد کے شبہات دور کرنے میں اسی طرح مؤثر ثابت ہوگی  اور سید مرتضی  کی تصانیف کی نشر و اشاعت نیز کتاب " المعجم فی فقہ لغۃ القرآن و سر بلاغتہ" و "النص الخالد لم و لن یحرف ابدا" اور اسی طرح کی دوسری کتابیں عالم اسلام کےدشمنوں کے حملوں سے دفاع کا سبب قرار پائیں گی۔

آیت اللہ سبحانی نے مزید کہا: اسلامی ادارہ جات ایک دوسرے کی سرگرمیوں سے آگاہی کے ساتھ اقدامات انجام دیں تاکہ ایک ہی کام بار بار نہ کیا جائے۔ آخر میں  آیت اللہ سبحانی نے آستان قدس رضوی کی اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کی کارکردگی  کی قدردانی کرتے ہوئے محققین کو نصیحت کی کہ اسلام و شیعیت کے دفاع کے سلسلے  میں زیادہ سےزیادہ کوشش کریں ۔

عالمی فکر ، عالمی محقق ہونے کا لازمہ

آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے بھی آستان قدس رضوی کے اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران عالمی فکر کو عالمی محقق ہونے کا لازمہ قراردیا۔

آستا ن قدس رضوی کے اسلامی تحقیقاتی فاؤنڈیشن کا ایک ہزار بائیسواں جلسہ بروز جمعرات 3 مرداد سن  1398  ہجری شمسی مطابق 25/ جولائی 2019ء کو آیت اللہ العظمی جوادی آملی کی موجودگی میں  منعقد ہوا ۔

اس جلسہ کے آغاز میں ؛ اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کے ایکزیکیوٹیو ڈائریکٹر حجۃ الاسلام ڈاکٹر مرویان حسینی نے آیت اللہ جوادی آملی  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔

پھر آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے آستان قدس رضوی اور اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور مزید توفیقات کی آرزو کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ یہ کاوشیں حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے حضورقابل قبول قرارپائیں۔

آخر میں محترم نے اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کی تحقیقات کی درجہ بندی وترجیحات کے متعلق کہا: قرآن کریم عالمی گفتگو کرتا ہے اور یقینا"  پوری کائنات پر حاکم ہوگا۔ "الاسلام یعلوا ولایعلی علیہ"یعنی یہ حکم دے رہا ہے کہ یہ حادثہ ہوکر رہے گا اور یہی مقصد ہے۔

لیکن ہماری روش کیا ہے ؟جس وقت ہم زیارت کرتے ہیں اور اپنی حاجتیں طلب کرتے ہیں۔ یہ زیارت نامے ہمارے لیے دلیل ہیں۔ہم زیارت جامعہ کبیرہ میں پڑھتے ہیں: " مُحَقِّقٌ لِما حَقَّقْتُمْ " ، میں آیا ہوں تاکہ دانشمند بن کر واپس جاؤں ، اہل تحقیق میں سے ہوجاؤں، محقق ہوجاؤں، میرا کام تحقیق کہلائے اوراسلامی  معارف پر تحقیق کروں۔

آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے اس بیان کے ساتھ کہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے اور یہ ایک دوسرے کے  مکمل ہیں، کہا: ہم کو عالمی سوچ رکھنی چاہیے تاکہ عالمی محقق بن سکیں  ہم کو دنیا کے افکار سے واقف ہونا چاہیے تاکہ کلام حق کو بیان  کریں اور انہیں جامہ عمل پنہا ئیں ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ عالمی    مکا تب کی تحقیق کریں تاکہ اپنے کلام حق کو ثابت کرسکیں۔ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم عالمی گفتگو کریں اور صرف ایرانی سوچ رکھیں ۔ اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کی اصلی ذمہ داری  "لیظہرہ علی الدین کلہ" ہونی چاہیے، اب تک بہت کچھ کیا گیا  ہے لیکن طولانی راہ درپیش ہے۔

خداوندعالم ، رسول خدا اور آئمہ طاہرین علیہم السلام کا کلام ہی منزل و مقصد ہے ان کے علاوہ جو  بھی ہے وہ  راستہ اور زینہ ہے ۔ مُحَقِّقٌ لِما حَقَّقْتُمْ سے بلند تر مُحْتَمِلٌ لِعِلْمِكُمْ  ہونا ہے اور دونوں جملے خبریہ ہیں کہ جو انشائیہ  کی حیثیت سے واقع ہوئے ہیں اور امر ، اس بات کی نشانی ہے کہ اس کام کو ہونا ہے اور ہماری فکر اور ہمارے ہاتھ "لیظہرہ علی الدین کلہ" سے بحمداللہ بھرے ہوئے ہیں۔اگر راستہ کھلا ہوا نہ ہوتا تو ہم کو کبھی بھی ان جملات کو بیان کرنے کا حکم  نہ دیا جاتا۔

آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے مزید کہا: یہ جو کہا گیا ہے کہ جس روضہ پر بھی جائیں  زیارت جامعہ پڑھیں، انہیں مطالب پر تاکید  کے لئے ہے،  ہمارا اصلی فریضہ لیظهره علی الدین کله ہے۔

اس جلسہ کے دوران اسلامی تحقیقات فاؤنڈیشن کے سربراہوں میں سے بعض افراد نے آیت اللہ العظمی جوادی آملی سے چند سوالات کئے اور محترم نے ان سوالات کے جوابات مرحمت فرمائے۔




/129