اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : وال اسٹریٹ جرنل
بدھ

12 جون 2019

1:16:33 PM
950296

شمالی کوریا کے سربراہ کے مقتول سوتیلے بھائی سی آئی اے کے ایجنٹ تھے

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کیم جونگ اون کے پُراسرار طریقے سے قتل کیے گئے سوتیلے بھائی کمی جونگ نام دراصل امریکی سی آئی اے کے ایجنٹ تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے شمالی کوریا کے سربراہ کیم جونگ اون کے مقتول سوتیلے بھائی کیم جونگ نام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایجنٹ تھے اور شمالی کوریا کی جاسوسی کیا کرتے تھے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کا ایک بار ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کی ممکنہ افراد فہرست میں بھی نام آچکا ہے تاہم والد کے انتقال کے بعد کم جونگ اون نے یہ عہدہ سنبھال لیا اور یہیں سے دونوں کے درمیان اختلافات نے جنم لیا۔

اسی دوران دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات اور اقتدار کے حصول کے لیے کھینچا تانی کی خبریں بھی آتی رہی ہیں، اسی اثناء میں اچانک 2017 کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر کم جونگ اون کے سوتیلے بھائی کا قتل ہوگیا۔

تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ کیم جونگ نام کے چہرے پر دو خواتین نے اعصاب شکن اسپرے پھینکا  تھا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ قاتل خواتین کا تعلق ویت نام اور انڈونیشیا سے تھا جنہیں عدم ثبوت پر حال ہی میں رہا کردیا گیا ہے۔

ادھر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کیم جونگ نام قتل کے وقت ملائیشیا میں موجود تھے جہاں سے انہیں سی آئی اے حکام سے ملنے امریکہ جانا تھا، اس سے قبل بھی کم جونگ نام کے سی آئی اے حکام سے ملاقاتوں کے شواہد موجود ہیں ۔

.......

/169