اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعہ

21 ستمبر 2018

7:59:28 AM
909914

انجمن شرعی کے اہتمام سے جلوس ہائے عزا کی برآمدگی کا سلسلہ جاری

آغا حسن نے لالچوک میں عزاداروں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کی

آغا حسن نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عزاداروں پر زور دیا کہ وہ پیغام کربلا کو صرف ماتمی جلوسوں تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ عاشورا کے حیات ساز فلسفے سے استفادہ کرکے ایک صالح معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے عشرہ محرم کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ 8 ویں محرم کو بھی تنظیم کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں کئی جلوس ہائے عزا برآمد کئے گئے جن میں اوڑورہ ، بوگہ چھل، دوین چاڈورہ، پالر، خانہ پورہ، ملک گنڈ چھاترگام، اسکندرپورہ کھاگ، لبرتل بڈگام، مدین صاحب، گلشن باغ بوٹہ کدل سرینگر، کنہ ستھو اوڑینہ ، بطکو محلہ زالپورہ، جنکشن محلہ سونہ برن، بونہ محلہ اندرکوٹ، مقدم محلہ گامدو، گاڑہ کہوڑ بانڈی پورہ، کھنہ پیٹہ، اوچھلی پورہ، زاڈی محلہ، کانلو پٹن بارہمولہ وغیرہ شامل ہیں جن میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو عقیدت کا خراج نذر کیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کئی جلوس عزا میں حاضری دی۔دریں اثنا آغا حسن نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عزاداروں پر زور دیا کہ وہ پیغام کربلا کو صرف ماتمی جلوسوں تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ عاشورا کے حیات ساز فلسفے سے استفادہ کرکے ایک صالح معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ آغا حسن نے کہا کہ کربلا ظلم و ظالم کے خلاف قیام کی عظیم درسگاہ ہے۔ اہل کشمیر پر بھارت کے انسانیت سوز مظالم تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ ہماری تحریک حق خود ارادیت کے خاتمے کیلئے ایک طرف نسل کشی کا حربہ جاری ہے دوسری طرف مداخلت فی الدین کے حربے بھی بروئے کار لائے جارہے ہیں جس کی بدترین مثال لالچوک سرینگر سے برآمد ہونے والے تاریخی محرم جلوسوں پر 3 دہاہیوں سے مسلسل قدغن ہے۔ لالچوک سرینگر میں قدغن شدہ 8 محرم الحرام کے جلوس علم شریف برآمد کرنے والے عزاداروں پر فورسز کے تشدد اور گرفتاریوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آغا حسن نے واضح کیا کہ دینی سرگرمیوں پر قدغن سے بھارت کے سیاسی عزائم پورے نہیں ہونگے اور نہ اہل کشمیر دینی سرگرمیوں پر قدغن برداشت کریں گے۔ یہ تاریخی جلوس حکومتی قدغن کے باوجود ہوتے رہیں گے۔ آغا حسن نے عزاداروں سے اپیل کی کہ وہ 10 محرم الحرام کو آبی گزر سرینگر سے برآمد ہونے والے جلوس عاشورا میں جوق در جوق شرکت کریں جو حکومتی پابندیوں کے باوجود برآمد کیا جائیگا۔
  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲