اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
منگل

11 ستمبر 2018

7:12:15 PM
908928

انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ کا پیغام محرم الحرام

امام حسینؑ کی شہادت اعظمیٰ کی یاد کو تازہ رکھنے کا بنیادی مقصد اور فلسفہ یہ ہے کہ ملت اسلامیہ دین و شریعت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت آمادہ رہے، خواہ اس راہ میں کوئی بھی قربانی دینا پڑے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ محرم الحرام ہماری توجہ تاریخ بشریت کے اُس عظیم معرکہ کی طرف مبذل کراتا ہے جہاں حق پرستوں کی ایک انتہائی قلیل تعداد نے اپنی ایمانی قوت اور عزم و ثبات کا ایسا مظاہرہ کیا کہ پرچم حق و صداقت کو دائمی سربلندی نصیب ہوئی اور طاقت و تشدد کے باطل نظریہ کو ابدی ذلت کا سامنا ہوا۔ نواسہ رسول (ص) اور اُن کے جان نثاروں کی عظیم قربانیاں ملت اسلامیہ کا عظیم ورثہ اور عالم بشریت کا سرمائے افتخار ہے۔ اُنہی قربانیوں کی بدولت اسلام اور شریعت اسلامی آج تک اپنی حقیقی شکل و صورت میں محفوظ ہے۔ اس عظیم معرکہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں فتح اور شکست کا نیا نظریہ سامنے آیا۔ امام حسینؑ کی شہادت اعظمیٰ کی یاد کو تازہ رکھنے کا بنیادی مقصد اور فلسفہ یہ ہے کہ ملت اسلامیہ دین و شریعت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت آمادہ رہے، خواہ اس راہ میں کوئی بھی قربانی دینا پڑے۔ کربلا نے ہمیں سکھایا کہ ایک فاسق اور جابر حکمران جس کا کردار و عمل قرآن و سنت سے مطابقت نہیں رکھتا ہو کسی بھی صورت میں مسلمانوں کا سرپرست نہیں بن سکتا۔ ایسے حاکم کی فرمانبرداری انسانی ضمیر اور حق و شرافت کے منافی ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ ایک بار پھر سایہ فگن ہوا ہے۔ یہ مہینہ اتحاد و اخوت اسلامی کی تجدید اور کردار و اخلاق کی اصلاح کا مہینہ ہے۔ نصرتِ حق اور حمایت مظلوم ،احترام انسانیت اور حدود شریعت کی پابندی کے عزم صمیم کا مہینہ ہے۔ اس موقعہ پر ملت اسلامیہ جموں و کشمیر سے مودبانہ گزارش ہے کہ ہر سطح پر اتحاد و اخوت کو قائم و دائم رکھیں۔ خدا وند عالم ہمیں فلسفہ عاشورا کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲