اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

10 ستمبر 2018

10:39:45 AM
908734

قدغن شدہ تاریخی جلوس عزا حکومتی پابندیوں کے باوجود برآمد کئے جائیں گے: آغا حسن

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی نے ماہ محرم الحرام کو دین وشریعت کے تحفظ کیلئے احساس ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیتے ہوئے اراکین و عاملین سے تاکید کی کہ وہ محرم تقریبات کے دوران ہر سطح پر حدود شریعت اور احترام انسانیت کو ترجیح دیکر شہدائے کربلا کو حقیقی معنوں میں خراج نذر کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے دیہہ ، زونل اور ضلع صدور و سیکریٹری صاحبان اور دیگر معزز اراکین و عاملین کا خصوصی محرم اجلاس صدر دفتر پر تنظیم کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوس ہائے عزا اور مجالس حسینیؑ کے انتظامات کو تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ اراکین و عاملین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم تقریبات کے تسلی بخش اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لاکر تنظیمی ذمہ داریوں کا بھر پور ثبوت پیش کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی نے ماہ محرم الحرام کو دین وشریعت کے تحفظ کیلئے احساس ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیتے ہوئے اراکین و عاملین سے تاکید کی کہ وہ محرم تقریبات کے دوران ہر سطح پر حدود شریعت اور احترام انسانیت کو ترجیح دیکر شہدائے کربلا کو حقیقی معنوں میں خراج نذر کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران آپسی اتحاد و اخوت کو بنائے رکھنے کیلئے وادی کی تمام دینی تنظیموں نے حسب سالہاے گزشتہ اپنی خدمات میسر رکھی ہوئی ہیں جو ہمارے لئے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ امام عالیمقام ؑ اور ان ؑ کے جان نثاروں کی عظیم قربانیاں ملت اسلامیہ کا سرمایہ نجات ہے۔ محرم تقریبات کو مخصوص طبقے کے ساتھ جوڑ کر دنیا کی فاسق اور جابر قوتوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے اور یہ طاغوتی روش ہنوز جاری ہے۔ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے محرم انتظامات کے اعلانات کو گمراہ کن اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کبھی بھی محرم انتظامات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں تھی اور نہ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام محرم شروع ہونے والے ہیں ابھی تک زمینی سطح پر حکومت کے محرم انتظامات کا کوئی نام ونشان نظر نہیں آرہا ہے۔ آغا حسن نے لالچوک سرینگر سے برآمد ہونے والے تاریخی جلوس عزا پر مسلسل قدغن کو مداخلت فی الدین کی سیاہ مثال قرار دیتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بلا تاخیر ان جلوسوں پر لگی پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ آغا حسن نے کہا کہ حکومتی پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے 8 اور 10 محرم کے تاریخی جلوس حسب سابقہ برآمد کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے SSA ٹیچرس کے احتجاجی ہڑتال اور ان کے مطالبات کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے ان اساتذہ کے تئیں حکومت کے رویے کو افسوسناک قرار دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲