اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
پیر

2 اکتوبر 2017

6:00:23 PM
857854

گاؤ کدل لالچوک اور دیگر مقامات پر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جلوس ہائے عزاء برآمد

شہید محسن حججی کو آغا حسن کا خراج عقیدت، مظلومین میانمار کے ساتھ اظہار یکجہتی

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 9 محرم الحرام کو وادی کے متعدد مقامات پر جلوس ہائے عزاء برآمد کئے گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 9 محرم الحرام کو وادی کے متعدد مقامات پر جلوس ہائے عزاء برآمد کئے گئے۔ گاؤکدل لالچوک میں حسب عمل قدیم علم شریف کا جلوس برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں کے ساتھ ساتھ لبریشن فرنٹ اور انجمن شرعی شیعیان کے سرکردہ اراکین نے شرکت کی اور معرکہ کربلا کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزاء منعقد ہوئی ۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کربلا کے آفاقی پیغام کو دنیا کے تمام انصاف و انسانیت پسند اقوام کیلئے سرمایہ افتخار اور مشعل راہ قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ یزید خلافت اسلامیہ کے نام پر اپنے مذموم کردار سے دین اسلام کی بنیادوں کو کھوکھلا اور انسانیت کی قبا چاک کررہا تھا۔ یہ صورتحال اسلام کے حقیقی محافظ و نگہبان حضرت امام حسینؑ کیلئے ناقابل برداشت تھی۔ امام عالیمقام نے دین وانسانیت کی سربلندی کیلئے اپنے بھرے گھر کی قربانی پیش کرکے دنیائے بشریت کو یہ پیغام پہنچایا کہ ظلم کے خاتمے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جانا چاہیے۔ آغا حسن نے کہا کہ اس وقت دنیا میں محکوم قومیں مسلط قوتوں کی بے پناہ جبروبربریت کا سامنا کررہی ہیں اور ان مظلومین کے حق میں کوئی موثر آواز بلند نہیں ہوتی۔ آغا حسن نے روہنگیا مسلمانوں کی بے دریغ نسل کشی کو ظلم و بربریت کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کی مظلوم ترین اقلیت قرار دیا لیکن عالمی برادری ان کی سلامتی اور حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں کرسکی۔ روہنگیا پناہ گزینوں سے متعلق حکومت ہند کے رویہ کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ان مظلومین کو بھارت سے نکالنے کے حکومتی عزائم انسان کشی کی حمایت کے مترادف ہے۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے شام میں روضہ سیدہ زینبؑ کی حفاظت پر رضاکارانہ طور پر معمور ایرانی نوجوان شہید محسن حججی کے جذبہ عشق و مؤدت کو خراج تحسین اور ان کی خدمات کو شاندارخراج عقیدت پیش کیا جنہیں اس ماہ کے اوائل میں تکفیری دہشتگردوں نے مرقد جناب زینبؑ کی پہرہ داری کے دوران نہایت بے دردی کے ساتھ شہید کیا ہے۔ 9 محرم الحرام کو انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جن دیگر مقامات پر جلوس ہائے عزا برآمد کئے گئے ان میں قصبہ بڈگام ، چاکر پورہ بیروہ، پیمس، وترونی، چندہ پورہ، درہ بل، درگنڈ، لبرتل، لکھری پورہ، نارسپورہ، شالکوٹ اوڑورہ،غوطی پورہ، تالہ پورہ خانصاحب، اوٹلی گام بیروہ، سہ پوہ ماگام، کینہ ہامہ چاڈورہ، ڈف پورہ بڈگام، یاری ستھرو خانصاحب، کانی کچی میر بحری، لشکری محلہ شالیمار، پنچکرواری، عشائی باغ، حسن آباد سرینگر، علمگری بازار، گلشن باغ بٹہ کدل، نوگام سوناواری، مدون ہاجن، اوڑینہ، گگلو محلہ زالپورہ، گامدو گاڑہ کھوڑ، سونہ برن اندرکوٹ، زاڑی محلہ دیور وغیرہ شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲