اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعہ

29 ستمبر 2017

3:29:32 PM
857229

وادی کے طول و عرض میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جلوس ہائے عزا

لالچوک سرینگر میں عزاداروں پر پولیس تشدد، آغا حسن کی شدید مذمت

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں 8 محرم الحرام کو بھی جلوس ہائے عزا ء کا سلسلہ جاری رہا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں 8 محرم الحرام کو بھی جلوس ہائے عزا ء کا سلسلہ جاری رہا۔مدین صاحب جڈی بل میں ذوالجناح شریف کا عظیم الشان جلوس برآمد کیا گیا جس میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔ جن دیگر مقامات پر 8 محرم الحرام کو علم شریف کے جلوس نکالے گئے ان میں آباد پورہ ، اوڑورہ، بوگہ چھل، آستان شریف دوین چاڈورہ، پالر بڈگام، ملک گنڈ چھاتر گام، آستان پورہ اسکندرپورہ، مدین صاح جڈی بل، گلشن باغ بٹہ کدل، خمینی چوک اوڑینہ، زالپورہ، گنڈ نوگام، سونہ برن، اندرکوٹ ، گامدو، کھنہ پٹھ، اوچھلی پورہ وغیرہ شامل ہیں۔

دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃالاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے لالچوک سرینگر میں جلوس علم شریف میں شامل عزاداروں پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تاریخی محرم جلوسوں پر متواتر قدغن کو مداخلت فی الدین کی بدترین مثال سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی قدغن بلاجواز ہے۔ اب جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے وادی میں ہر مذہب و ملت کے لوگوں کو اپنے دینی مراسم کی ادائیگی کا آزادانہ موقعہ فراہم کیا جارہا ہے۔ صرف تاریخی محرم جلوسوں پر متواتر قدغن عائد کرکے ریاستی انتظامیہ جن سیاسی مقاصد کی تکمیل کی پالیسی پر گامزن ہے اس سے ریاستی عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ تاریخی محرم جلوس وادی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ تمام طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کی نگاہ میں یکساں عقیدت کا درجہ رکھتے ہیں۔ ان جلوسوں پر بلاجواز قدغن عائد کرکے ریاست کی شیعہ اور سنی برادری کے درمیان بدگمانیاں اور بداعتمادیاں پیدا کرنے کی سعی ناکام کی جارہی ہے۔ آغا صاحب نے عزاداروں کی گرفتاریوں اور ان پر وحشیانہ تشدد کی مذمت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲