اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : irib.ir
اتوار

27 دسمبر 2015

12:02:10 PM
727137

عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ کی رہائی پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں منعقدہ انتیسویں وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ محمد رضا گل رو نے کہا ہے کہ شیخ ابراہیم الزکزکی کی رہائی اور اس مقصد کے لئے ایک اسلامی گروہ، نائیجیریا بھیجا جانا اس کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے- محمد رضا گلرو نے اتوار کو ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران کانفرنس کے شرکاء نائیجیریا کے موضوع کا جائزہ لیں گے - انھوں نے کہا کہ شیخ الزکزکی، تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی فورم کی اعلی کونسل کے رکن ہیں اور ان کی آزادی اور علاج معالجے میں تیزی لانے کے لئے وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں کی سیاسی اور علمی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا-

عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ شیخ ابراہیم الزکزکی کے گھر پر نائیجیریا کی فوج کے وحشیانہ حملے کے بعد تقریب مذاہب اسلامی کے عالمی فورم نے اس کے خلاف ایک احتجاجی بیان جاری کیا تھا، کہا کہ اس دردناک واقعے نے ہر انسان کو تکلیف پہنچائی ہے اور دنیا کے ہر حریت پسند کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور یہ یقینا قابل مذمت ہے-

قابل ذکر ہے کہ نائیجیریا کی فوج نے تیرہ دسمبر کو شہر زاریا میں تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ ابراہیم الزکزکی کے گھر اور کچھ امام بارگاہوں پر حملہ کر کے سیکڑوں مسلمانوں کو شہید کر دیا اور شیخ ابراہیم الزکزکی کو نہایت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲