اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : urduirib
اتوار

20 دسمبر 2015

6:41:00 AM
725910

بیروت میں نائیجیریا کے سفارت خانے کے سامنے نائیجیریا کی فوج کے مظالم کے خلاف احتجاجی م‍ظاہرے

لبنان کے مختلف قبائل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے دارالحکومت بیروت میں نائیجیریا کے سفارت خانے کے سامنے دھرنا دیا اور نائیجیریا کے مسلمانوں پر اس ملک کی فوج کے مظالم کی مذمت کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے مختلف قبائل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے ہفتے کے دن دارالحکومت بیروت میں نائیجیریا کے سفارت خانے کے سامنے دھرنا دیا۔ دھرنے کے شرکا نے نائیجیریا میں مسلمانوں پر فوج کےحملے کی مذمت کی اور نائیجیریا کے مسلمانوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند اور آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کو فورا آزاد کرنے کا مطالبہ کیا۔ دھرنا دینے والوں نے نائیجیریا کے مظلوم مسلمانوں اور آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کے حمایت میں نعرے لگائے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر لبنانی شیعوں کی مجلس اعلائے اسلامی کے نمائندے شیخ محمد علی المقداد، اہل سنت کے عالم دین شیخ زہیر جعید، تجمع العلماء المسلمین کے سیکریٹری اور جبران باسیل کی پارٹی فری پیٹریاٹک موومنٹ ( Free Patriotic Movement) کے رہنما بسام الہاشم نے دھرنا دینے والوں سے خطاب کیا۔ مقررین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ مظالم صیہونی حکومت، سعودی عرب اور امریکہ کے مفادات کے پیش نظر روا رکھے جا رہے ہیں۔ مقررین نے آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کو فورا آزاد کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور علاقائی، اسلامی ، عرب اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ نائیجیریاکے شہر زاریا میں روا رکھے جانے والے مظالم کے تعلق سے اپنی شرعی، قانونی اور انسانی ذمےداریاں پوری کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169