اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : irib
ہفتہ

21 فروری 2015

8:12:45 PM
672447

جاپان میں امریکا کے خلاف مظاہرے

جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں ، نئے امریکی فوجی اڈوں کے خلاف عوام کے مظاہروں کا سلسلہ سنیچر کو بھی جاری رہا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جاپانی مظاہرین نے اوکیناوا میں امریکی فوجبی اڈّے کے اطراف میں اپنے کیمپ لگادیئے ہیں اور وہ اس جزیرے میں کوئی بھی نیا اڈہ بنائے جانے کی مخالفت کررہے ہیں-

دوسری جانب جاپان کی حکومت نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی فوجی اڈے کے اطراف سے اپنے خیمے ہٹالیں-

جواب میں جاپانی مظاہرین کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنا ان کا قانونی حق ہے اور وہ حکومت کی اس اپیل پر عمل نہیں کریں گے- اس سے قبل بھی جاپانی مظاہرین نے شدید احتجاج اور امریکہ مخالف نعرے لگاتے ہوئے جزیرہ اوکیناوا میں فوتنما فضائی اڈہ بند اور اس علاقے سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا تھا-
اوکیناوا کے عوام کی حمایت میں ہزاروں دیگر جاپانیوں نے بھی دارالحکومت ٹوکیو میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اوکیناوا میں کوئی بھی نیا امریکی فوجی اڈہ قائم کئے جانے کی مخالفت کا اعلان کیا ہے-

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مختلف شخصیات نے اوکیناوا میں امریکی فوجیوں کی جاری فوجی موجودگی کو جاپان کے نقصان میں قرار دیا ہے اور تاکید کی ہے کہ مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی، عوامی احتجاج بڑھنے اور ماحولیات کو نقصان پہنچنے کا باعث بنے گي-

واضح رہے کہ امریکہ، جزیرہ اوکیناوا میں شہر گینوان میں اپنی فضائیہ کے فوتنما اڈّے سے امریکی فوجیوں کو، شہر ناگو میں واقع ہنوکو علاقے میں منتقل کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ اوکیناوا میں اپنی فوجی موجودگی کو زیادہ سے زیادہ مستحکم بناسکے-

ان امریکی فوجیوں کو منتقل کئے جانے کے بارے میں امریکہ اور جاپان کے درمیان پہلی بار انّیس سو چھیانوے میں سمجھوتہ ہوا تھا مگر جاپانی عوام اور ماحولیات کے گروہوں کی مخالفت کی بناء پر تقریبا ساٹھ ہزار کی آبادی کے اس شہر میں امریکی فوجی اڈہ، ابتک قائم نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ امریکی دباؤ کی بناء پر جاپان کی حکومت اب بھی ناگو شہر میں امریکی فوجی اڈہ قائم کئے جانے کی کوشش کررہی ہے-

ناگو کے عوام کا کہنا ہے کہ ان کے شہر میں امریکی فوجی اڈّے کے قیام سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچے گا اور ان کے شہر میں امن کی صورت حال، متاثر ہوگی اسلئے کہ امریکی فوجیوں کے غیر اخلاقی اقدامات اس سے قبل جاپان کے دیگر علاقوں میں بھی سماجی مسائل کا باعث بنتے رہے ہیں-

واضح رہے کہ جاپان کے جزیرہ اوکیناوا میں پچاس ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں جبکہ جاپانی عوام اپنے مسلسل احتجای مظاہروں میں اس علاقے سے امریکی فوجی اڈہ ختم کئے جانے کا بارہا مطالبہ کرتے رہے ہیں-

.......

/169