اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

1 فروری 2015

6:13:27 AM
668480

داعش نے دوسرے جاپانی یرغمالی کا بھی سرقلم کردیا- تصاویر+18

جاپانی حکومت نے اپنےدوسرے یرغمالی شہری کنجی گوتو کے دہشت گرد گروہ داعش کے ہاتھوں قتل کی تصدیق کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش نے دوسرے جاپانی یرغمالی کے قتل کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس نے جاپانی صحافی کنجی گوتو کوقتل کردیا ہے- اس سے قبل ہفتے کے روز ایک جاپانی عہدیدار نے کہا تھا کہ جاپانی صحافی کنجی گوتو اور اردن کے پائلٹ کی رہائي کے بارے میں داعش کے ساتھ مذاکرات تعطل کا شکار ہو چکے ہیں- جاپان کے نائب وزیر خارجہ یاسوہیدہ ناکایاما نے جو داعش کے ساتھ مذاکرات کی نگرانی کے لیے ایک وفد کے ہمراہ اردن میں تھے ہفتے کے روز کہا کہ جاپانی صحافی کی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے- دریں اثنا جاپان کے وزیراعظم شینزوآبے نے داعش کے ہاتھوں دوسرے جاپانی شہری کا سرقلم کردئے جانے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان دہشت گرد گروہ داعش کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کرے گا- جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے جاپانی صحافی کی رہائی کے لیے حتی المقدور کوشش کی - شینزوآبے نے جاپانی صحافی کو قتل کیے جانے کی خبر نشر ہونے کے بعد ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں داعش کے اقدام پر نفرت کا اظہار کیا اور دہشت گرد گروہوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی بات کی- یہاں اس نکتے کی طرف اشارہ کرنا بھی ضروری ہے کہ جاپان دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف بننے والے نام نہاد عالمی اتحاد میں شامل نہیں ہے لیکن شینزوآبے نے اس مرتبہ وعدہ کیا ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ کے لیے اپنی مالی امداد میں اضافہ کر دیں گے- جاپان کے وزیراعظم نے یہ بیان دے کر ظاہر کر دیا کہ ان کا ملک داعش کے ہاتھوں اپنے شہریوں کوقتل کرنے کے دباؤ میں نہیں آیا ہے اور وہ داعش کی دھمکیوں سے بھی مرعوب نہیں ہوگا- واضح رہے کہ جاپانی صحافی کنجی گوتو کو داعش نے گزشتہ سال اکتوبر مہینے میں شام میں یرغمال بنایا تھا- داعش نے اس جاپانی صحافی کی رہائی کے لیے اردن میں قید عراقی نژاد دہشت گرد عورت ساجدہ الریشاوی کو رہا کرنے کی شرط رکھی تھی- لیکن اس سلسلے میں ہونے والے مذاکرات ناکام رہے- اس جاپانی صحافی کے قتل کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے -


.......

/169