اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : irib
بدھ

28 جنوری 2015

2:45:39 PM
667782

جاپانی یرغمالی کے بدلے داعش کی رکن کی رہائی کا فیصلہ

جاپان اور اردن نے جاپانی یرغمالی کے بدلے داعش کی رکن ساجدہ الریشاوی کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جاپان اور اردن کے حکام نے آج اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ داعش کی دہشت گرد رکن ساجدہ الریشاوی کو، کہ جسے اردن میں سزائے موت سنائی گئی ہے، جاپانی یرغمالی گنجی گوتو کے بدلے رہا کر دیا جائے گا۔ دہشت گرد گروہ داعش نے دھمکی دی ہے عراقی نژاد خاتون دہشت گرد، ساجدہ الریشاوی کو کہ جسے اردن میں سزائے موت سنائی گئی ہے، رہا نہ کیا گیا تو وہ جاپانی یرغمالی گنجی گوتو اور اردنی پائلٹ معاذ الکساسبہ کو قتل کر دیں گے۔ اردن کے حکام کے بقول ساجدہ الریشاوی اوراس کے شوہر نے نومبر دو ہزار پانچ میں دارالحکومت امان میں ایک ہوٹل میں دہشت گردانہ حملے میں شرکت کی تھی جس میں ساٹھ افراد مارے گئے تھے۔ ساجدہ الریشاوی کا شوہر اس حملے میں مارا گيا تھا لیکن ساجدہ کی خودکش جیکٹ نہیں پھٹ سکی تھی جس کے وجہ سے پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا۔ دوسری جانب عالمی سطح پر جاپانی یرغمالیوں کے اغوا اور قتل کے واقعے کے خلاف مسلسل ردعمل دکھایا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی ایشیا کے رکن ملکوں کی تنظیم آسیان کے وزرائے خارجہ نے داعش کے ہاتھوں جاپانی یرغمالی کے قتل کی مذمت کی ہے۔ آسیان کے وزرائے خارجہ نے ملیشیا میں اپنے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر ایک بیان جاری کیا جس میں جاپانی یرغمالی کے قتل سمیت ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے۔ اس بیان میں اس اقدام کے تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے اور داعش کے قبضے سے تمام یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا گیاہے۔

.......

/169