اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ۔
منگل

30 دسمبر 2014

11:45:18 AM
661654

انڈونیشیا کا دعویٰ، لاپتہ طیارے کا ملبہ نظر آگیا

انڈونیشیا کے حکام نے کہا ہے کہ انھیں انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو کے قریب بحیرۂ جاوا میں اتوار کے روز لاپتہ ہونے والے ایئر ایشیا کے مسافر بردار طیارے کا ملبہ نظر آ گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انڈونیشیا کے حکام نے کہا ہے کہ انھیں انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو کے قریب بحیرۂ جاوا میں اتوار کے روز لاپتہ ہونے والے ایئر ایشیا کے مسافر بردار طیارے کا ملبہ نظر آ گیا ہے۔ انڈونیشیائی حکام کے مطابق طیارے کی تلاش کے دائرے میں سمندر میں کئی اشیا تیرتی ہوئی نظر آئی ہیں۔ انڈونیشیائی حکام نے کہا ہے کہ پرواز QZ8504 کی تلاش کے دوران یہ سب سے اہم دریافت ہے۔ پیر کو چین کے ٹی وی کے عملے نے مشرقی بیلی ٹنگ سے 29 میل کے فاصلے پر دھواں اٹھتے دیکھا تھا۔ملائیشیا کی نجی فضائی کمپنی ایئر ایشیا کی یہ پرواز اتوار کی صبح انڈونیشیا کے جزیرے جاوا سے سنگاپور جاتے ہوئے بحیرۂ جاوا کے اوپر لاپتہ ہو گئی تھی۔اس ایئر بس اے 320 طیارے پر عملے کے ارکان سمیت 162 افراد سوار تھے اور پرواز کے 45 منٹ بعد اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہوگیا تھا۔بحیرۂ جاوا میں جاری تلاش کا عمل بین الاقوامی آپریشن کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس میں انڈونیشیا کو سنگاپور، ملائیشیا اور آسٹریلیا کے علاوہ اب امریکہ کی مدد بھی حاصل ہے۔انڈونیشیا کے تلاش اور بچاؤ کے ادارے کے سربراہ ہنری بمبانگ سوئلستیو کے مطابق اس وقت 30 بحری جہاز، 15 طیارے اور سات ہیلی کاپٹر لاپتہ طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ مارچ میں ملائیشیا ایئرلائن کی پرواز ایم ایچ 370 جکارتہ سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی اور اس کا آج تک سراغ نہیں ملا۔ اس طیارے پر 239 افراد سوار تھے۔ جب کہ پرواز ایم ایچ 17 ، جولائی میں یوکرین کے اوپر سے اڑتے وقت مار گرائی گئی تھی، جس سے اس پر سوار تمام 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲