اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : irib
پیر

29 دسمبر 2014

11:20:23 AM
661384

ایئر ایشیا کے لاپتہ طیارے کی تلاش جاری ہے، ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا

انڈونیشیا سے سنگاپور جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کی تلاش کے لیے جاری سرگرمیاں رات ڈھلنے کے باعث پیر کی صبح تک کے لیے معطل کردی گئی تھیں جو اب دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی نجی ہوائی کمپنی ایئر ایشیا کے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کی تلاش میں درجنوں کی تعداد میں بحری جہاز اور کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طیارہ سمندر حادثہ کا شکار ہونے کے بعد سمندر کی تہہ میں پہنچ گیا ہے۔

انڈو نیشیا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اگنیسیس جونان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ انڈونیشیا اور سنگاپور کی ریسکیو اور فوجی ٹیمیں لاپتہ طیارے کی تلاش کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق سمندر کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے جب کہ قرب و جوار میں سفر کرنے والے تمام بحری جہازوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ سمندر پر نظر رکھیں اور کوئی بھی غیر معمولی چیز یا سامان نظر آنے پر حکام کو مطلع کریں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طیارہ سمندر حادثہ کا شکار ہونے کے بعد سمندر کی تہہ میں پہنچ گیا ہے۔

اتوار کو انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے سنگاپور جانے والےمسافر بردار طیارے کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔

ایئر ایشیا کے مطابق جہاز پر 17 بچوں سمیت 155 مسافر سفر کر رہے تھے، اس کے علاوہ دو پائلٹ اور عملے کے پانچ دوسرے ارکان بھی جہاز پر سوار تھے۔

انڈونیشیا کے وزارت ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل جوکو اتموجیو کے مطابق فلائٹ 8501 کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے نزدیک سمندر پر سے پرواز کرتے ہوئے دو گھنٹے میں سنگاپور کے چانگی نامی ہوائی اڈے پر پہنچنا تھا۔

حکام کے مطابق جہاز کے پائلٹ نے خراب موسم کی وجہ سے مقررہ روٹ سے بائیں جانب مڑنے اور بادلوں سے بچنے کے لیے 1800 میٹر بلندی پر پرواز کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس رابطے کے چند منٹ بعد جہاز راڈار پر سے غائب ہوگیا تھا جس کے بعد سے اب تک اس سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

.......

/169