اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے غزہ پٹی پر صہیونی ریاست کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کا قتل عام کئے جانے اور عالمی تنظیموں کے خاموش تماشائی بنے رہنے کی مذمت کی ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ غزہ پٹی پر حملہ ایسے حالات میں ہو رہا ہے کہ بعض اسلامی ممالک جیسے شام، عراق، لبنان اور بحرین تکفیری دھشتگردوں کی وحشیانہ یلغار کی زد میں ہیں اور اگر یہ صورت حال اسی طرح جاری رہی تو دنیا ایک المناک انسانی سانحے کا مشاہدہ کرے گی۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے بیان کا مکمل ترجمہ:
قال الله الحکیم فی کتابه المبین:
لَتَجِدَنَّ أَشَدَّ النَّاسِ عَدَاوَةً لِلَّذِینَ آمَنُوا الْیَهُودَ وَالَّذِینَ أَشْرَکُوا (المائدة: ۸۲)
انتہائی دکھ کے ساتھ ایک بار پھر فلسطین کی مسلمان اور مظلوم ملت، ماہ مبارک رمضان میں خاک و خون میں غلطاں ہوئی ہے اور مسلمانوں کے قبلہ اول اور ادیان آسمانی کی سرزمین میں ایک بار پھر دردناک المیہ رونما ہوا ہے کہ جو صہیونیوں کے ہاتھوں بین الاقوامی انسانی حقوق کی آشکارا پامالی ہے۔
صہیونی ریاست کے ان جارحانہ اقدامات نے بہت پریشان کن اور المناک صورتحال پیدا کر دی ہے اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے.
غزہ پٹی پر قاتلانہ حملے ایسے حالات میں ہو رہے ہیں کہ علاقائی ممالک جیسے شام، عراق، لبنان، بحرین اور ۔۔۔ تکفیر ٹولے داعش کی بہیمانہ یلغار میں گرفتار ہیں اور صہیونی ریاست نے ان حالات سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام کے گھروں پر ہوائی حملے کر کے معصوم بچوں اور عورتوں کا قتل عام کر دیا ہے اور ہزاروں بے گناہ لوگوں کو زخموں سے چور اور ان کے آشیانوں کو ویراں کر دیا ہے۔
افسوس سے غزہ پر گزشتہ کئی سالوں سے غیر انسانی اور ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے اس مظلوم اور غم خوردہ عوام کو طبی سہولیات اور خوراکی مواد کی شدید کمی کا سامنا ہے کہ اگر یہ سفاکانہ صورتحال مزید جاری رہی تو دنیا ایک بڑے المناک انسانی سانحے کے وقوع پذیر ہونے کا مشاہدہ کرے گی۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس درندگی کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی ممالک اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان وحشیانہ کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے عوام کے لیے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد فراہم کریں۔
نیز اسمبلی علمائے اعلام، دنیا کے قانونی اداروں اور موثر شخصیتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ فی الفور اپنی انسانی، اسلامی اور اخلاقی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے غزہ پر موجود محاصرے اور پابندیوں کو منسوخ کروائیں اور انسان دوستانہ امداد فراہم کروائیں نیز فلسطین کے مظلوم عوام پر ہونے والے سفاکانہ حملات کو رکوائیں اور جرائم پیشہ صہیونی حکومت کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمے دائر کروائیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی، سلامتی کونسل کی اپنے بین الاقوامی وظائف کی ادایئگی اور غزہ پر صہیونی جارحیت کو رکوانے میں اپنے قانونی اختیارات کے استعمال میں بے حسی اور ناکامی کی نسبت مایوسی اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ عالمی صہیونی لابی کے دباو میں آئے بغیر ان بہیمانہ اقدامات کا جلد از جلد خاتمہ کروائیں۔
آخر میں اسمبلی، اسلامی جمہوریہ ایران کی غیور اور مجاہد قوم سے بھی درخواست کرتی ہے کہ ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ(عالمی یوم القدس) کے روز ہمیشہ کی طرح رہبر عظیم الشان انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای دام ظلہ العالی کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے جرائم پیشہ اسرائیل کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں اور اسلامی مزاحمت کے مجاہدوں کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔
«وسیعلم الذین ظلمواای منقلب ینقلبون»
صدق الله العلی العظیم
اہل البیت(ع) عالمی اسمبلی
ماخذ : ابنا خصوصی
پیر
14 جولائی 2014
3:40:42 PM
623998
صہیونی ریاست کے غزہ پر سفاکانہ حملوں کی مذمت میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا بیان
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس درندگی کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی ممالک اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان وحشیانہ کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے عوام کے لیے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد فراہم کریں۔