اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : مہر
بدھ

27 نومبر 2013

8:30:00 PM
484279

چینی حدود میں جاپان اور جنوبی کوریا کے طیاروں کی پروازیں

جاپان اور جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے طیاروں نے چین کی نئی ’فضائی دفاعی حدود‘ میں غیر اعلانیہ پروازیں کی ہیں۔

ابنا: جاپان اور جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے طیاروں نے چین کی نئی ’فضائی دفاعی حدود‘ میں غیر اعلانیہ پروازیں کی ہیں۔ جاپانی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ان کے طیارے نے مشرقی بحیرۂ چین کے حدود میں ’نگرانی کرنے کی غرض‘ سے پرواز کی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ اس کے طیاروں نے بھی اس علاقے میں پروازیں کی ہیں۔ جاپانی حکام نے پرواز کے اوقات کے بارے میں نہیں بتایا۔ جاپانی حکومت کے ترجمان یوشہائد سیوگا نے کہا کہ ’جب سے چین نے اس فضائی دفاعی حدود کا اعلان کیا ہے تب سے ہم پہلے کی طرح اس پورے علاقے میں نگرانی کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ یون بایونگ سی نے بدھ کو کہا تھا کہ ’چین کی نئی فضائی حدود نے خطے کے نازک حالات کو سنبھالنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔‘چین نے سنیچر کو مشرقی بحیرۂ چین میں اپنی نئی’ فضائی دفاعی حدود‘ کا تعین کیا تھا۔ چین کی طرف سے نئی دفائی فضائی حدود قرار دیے جانے والا علاقہ متنازع ہے۔ جاپان میں سینکاکو اور چین میں ڈیائیو کے نام سے پہچانے جانے والے ان متنازع جزیروں کی ملکیت پر دونوں ممالک کا دعویٰ ہے۔......./169