اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : urdutv
منگل

26 نومبر 2013

8:30:00 PM
483708

امریکی بمبار طیاروں نے چین کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی

اطلاعات کے مطابق، مشرقی بحیرۂ چین میں چین کی جانب سے نئے دفاعی زون کے اعلان کے باوجود امریکہ کے دو بی-52 بمبار طیاروں نے چینی حکام کو اطلاع دیے بغیر اس کی فضائی حدود میں پرواز کی ہے۔

ابنا: امریکی فوجی ادارے پنٹاگن کے ایک ترجمان کرنل اسٹیون وارین کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے پہلے سے طے شدہ پروگرام اور معمول کی کارروائی کے مطابق عمل کیا ہے۔سنیچر کو چین نے اپنی فضائی دفاعی حدود میں توسیع کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اس علاقے سے گزرنے والے طیارے ان حدود کا احترام کریں ورنہ انہیں ’ہنگامی دفاعی اقدامات‘ کا سامنا کرنا ہوگا۔یہ علاقہ متنازع ہے اور ان میں وہ جزائر بھی شامل ہیں جن پر جاپان بھی اپنی ملکیت کا دعوی کرتا ہے۔ یہ تنازع دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا باعث ہے۔جاپان نے چین کی جانب سے فضائی دفاعی حدبندی کو غلط قرار دیا ہے اور جاپان کی دو بڑی ایئر لائنوں نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ جاپانی حکومت سے اجازت مانگیں گی کہ انہیں ان نئے فضائی قوانین پر عمل نہ کرنا پڑے۔امریکی حکام کے مطابق، دونوں بمبار طیارے غیر مسلح تھے اور انہوں نے پیر کو گوام سے پرواز شروع کی۔ بعد میں دونوں طیارے گوام لوٹ گئے تھے۔امریکہ کے 70000 فوجی جاپان اور جنوبی کوریا میں تعینات ہیں۔امریکی وزیر دفاع چگ ہیگل نے کہا تھا کہ چین کے اس اعلان سے علاقے میں امریکی فوجی آپریشنز میں تبدیلی نہیں آئے گی۔اس سے پہلے چین کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کسی بھی ہوائی جہاز کو اس علاقے میں اپنی پرواز کا منصوبہ لازمی دینا ہوگا، اور اسے ریڈیو کے ذریعے دو طرفہ رابطہ رکھنے اوراپنی شناخت کے بارے میں سوالات کے بر وقت اور صحیح جوابات دینا ہوں گے۔چینی وزارت دفاع کے ترجمان یانگ یجونگ نے کہا تھا کہ چین کی طرف سے اس علاقے کی فضائی حد بندی کا مقصد ملک کی خودمختاری، زمینی اور فضائی سکیورٹی قائم کرنا اور پروازاوں کو ترتیب میں رکھنا ہے۔....../169