اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
پیر

18 مارچ 2024

8:30:34 PM
1445397

دنیا میں جہاں بھی ہمارا تیل چوری کیا جائے، ہم جوابی کارروائی کریں گے۔۔۔ ایڈمرل تنگسیری

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا: اگر دشمن ہمارا تیل چوری کرے، یا ہمارے تیل بردار جہازوں کو ضبط کرے تو ہم بھی جوابی کاروائی کریں گے۔ وہ زمانہ گذر گیا جب کوئی اجنبی قوت غنڈہ گردی کرکے اسلامی ایران کے قابل احترام عوام کے اموال پر ڈاکہ ڈالتی تھی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، جنرل علیرضا تنگسیری نے 19 مارچ ـ تیل کی صنعت قومیانے کی سالگرہ ـ کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا: ہمارے نوجوان معاصر تاریخ کا مطالعہ کریں تاکہ وہ اپنے موجودہ سرمایوں کی قدر و قیمت سمجھ سکیں۔

انھوں نے ایرانی عوام کے خلاف برطانیہ کے مظالم اور جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: انگریزوں نے برسہا برس تک ہماری سرزمین کے وسائل کو لوٹ لیا، عالمی جنگ کے دوران ہمارے 90 لاکھ ہم وطنوں کا قتل عام کیا حالانکہ ہم اس جنگ میں غیر جانبدار تھے۔

جنرل تنگسیری نے تیل کی صنعت کے قومیائے جانے کے بارے میں کہا: تیل کی صنعت کو قومیایا گیا تو برطانوی ایران چھوڑ کر عراق چلے گئے، ہندوستانی مزدوروں کو واپس ہند بھیج دیا اور ہماری اس وقت کی حکومت نے اٹلی کا سہارا لیا اور ہماری ریفائنری اٹلی کو سپرد کی گئی۔

انھوں نے کہا: ہمارے نوجوانوں کو جان لینا چاہئے کہ ہماری اپنی ہی تیل کی صنعت میں ایرانی صرف سادہ مزدور تھے اور انہیں سب سے نچلے درجے پر رکھا جاتا تھا اور انہیں کسی بھی قسم کے فنی مسائل تک رسائی کا حق حاصل نہیں تھا۔ اسی لئے برطانوی چلے گئے تو اطالوی ریفائنری بحال کرنے سے قاصر تھے۔

انھوں نے مزید کہا: ایرانی حکومت کو اپنا تیل بیچنے کے لئے تین اطالوی تیل بردار جہازوں پر تیل لادنا پڑا؛ یہ جہاز بحر ہند میں داخل ہوئے تو انگریزوں نے تینوں جہازوں کو ضبط کر لیا۔ شاہ ایران کو خبر ملی تو اس نے انفعالیت کی بنا پر معذرت خواہانہ رویہ اپنایا اور کہا: "برطانویوں سے کہہ دو کہ ایک جہاز کو رکھ لیں اور دو دیگر جہازوں کو چھوڑ دیں"؛ برطانوی نہیں مانے اور شاہ ایران نے کہہ دیا کہ "اگر ایسا ہے تو دو جہاز برطانیہ کے حوالے کیا جائے!"۔

جنرل تنگسیری نے کہا: لیکن آج اسی سرزمین کے نوجوان، اسلامی انقلاب کی برکت سے، اور خود اعتمادی اور جرات و ہمت کے بدولت ـ جسے امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) نے ہمارے دلوں میں زندہ کیا ـ سربلندی کے ساتھ استکبار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں۔ اور آج امام خامنہ ای (مُدَّ ظِلُّہُ العالی) کی قیادت میں اسی لب و لہجے میں استکبار کے ساتھ بات کرتے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا: آج وہ اگر ہمارے تیل کو چوری کریں یا ہمارے کسی جہاز کو دنیا میں کہیں بھی ضبط کریں، تو ہم جوابی کاروائی کرتے ہیں اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہیں کیونکہ وہ زمانہ گذر چکا ہے جب کوئی اجنبی قوت غنڈہ گردی کرکے اسلامی ایران کے قابل احترام عوام کے اموال پر ڈاکہ ڈالتی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110