اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : مہر نیوز
ہفتہ

2 مارچ 2024

12:35:04 PM
1441653

انتخابات میں عوام کی پرجوش شرکت عالمی استکبار کے منہ پر طمانچہ تھی، آیت اللہ رئیسی

صدر اسلامی جمہوریہ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے بدخواہوں نے انتخابات کو ناکام بنانے کے لیے اپنے تمام حربے استعمال کئے، لیکن ایران کے جذبہ ایمان و امید سے سرشار باشعور عوام کی بروقت اور پرجوش شرکت نے عالمی استکبار کو مایوس اور رسوا کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صدر اسلامی جمہوریہ نے اپنے ایک پیغام میں ملک کے عام انتخابات میں ایران کے باشعور عوام کی بروقت شرکت کو سراہتے ہوئے کہا: میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ تمام بندوں خصوصاً پارلیمنٹ کے منتخب عہدیداران کو توفیق دے کہ وہ ملک کے مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات اور عوام کی اس شفقت و محبت کی قدردانی کر سکیں۔

صدر اسلامی جمہوریہ ایران، آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کا پیغام:

بسم ‏الله الرحمن الرحیم

ایران کی باشعور قوم پر خدا کی رحمتیں اور برکتیں ہوں کہ جس نے پورے شعور اور وقت کی پابندی کے ساتھ پارلیمانی انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے وطن عزیز کی سربلندی اور ملک کے دشمنوں کی مایوسی کے اسباب فراہم کئے۔

وطنِ عزیز ایران کے بدخواہوں نے یکم مارچ کے انتخابات کو ناکام بنانے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے اور اپنی تمام توانائیاں صرف کیں لیکن ایران کے جذبہ ایمان و امید سے سرشار باشعور عوام کی بروقت اور پرجوش شرکت نے عالمی استکبار کو مایوس اور رسوا کر دیا۔

آپ کی پرجوش شرکت اور میدان میں بر وقت حاضری دشمن کو پچھلے سال کے فسادات میں ناکامی کے بعد پہنچنے والا ایک اور صدمہ ہے جس سے وہ مکمل طور پر رسوا ہوچکا ہے۔

میں اس حوالے سے بارگاہ خداوندی میں شکر بجا لانے کے ساتھ ساتھ ایران کی باشعور قوم کو سلام پیش کرتا ہوں اور ملک کے عوام، مختلف سیاسی گروہوں، مجتہدین و مراجع عظام، میڈیا اراکین، خاص طور پر ملکی میڈیا اور ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے انتخابات کے پر امن انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔ خاص طور پر انتخابات کے منتظمین، مبصرین، پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

میں خدائے متعال سے دعا گو ہوں کہ وہ عوام کے خادموں بالخصوص پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کو ملک کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر اقدامات کرنے اور عوام کی ان محبتوں کا جواب دیتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سید ابراہیم رئیسی

صدر اسلامی جمہوریہ ایران