اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ڈیلی پاکستان
بدھ

21 فروری 2024

7:07:28 PM
1439522

پاکستان: بلوچ نیشنل آرمی نامی تنظیم کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے 70 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے

کالعدم بلوچ نیشنل آرمی ( بی این اے) کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے 70 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ 

نگراں صوبائی وزیر جان اچکزئی کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی این اے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ بھارت سے پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے، اپنے مذموم مقاصد کیلئے خواتین کا استعمال تک کیا جارہا ہے تاکہ نوجواںوں میں جذبہ پیدا ہو، کیا ان کے مرد ختم ہوگئے ہیں یا نہیں ہیں جو خواتین کو استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچوں کے ہاتھوں بلوچوں کا خون کروایا گیا، 2014ء میں صرف ایک ضلع آواران میں 155 بے گناہ اور معصوم بلوچوں کو قتل کیا گیا کیونکہ انہوں نے بھتہ دینے سے انکار کیا تھا، 20 سال میں ہزاروں بلوچ نوجوانوں کو قتل کیا گیا، 15 سال تک میں نے جو کیا پچھتاوے کے سوا میرے پاس کچھ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس لڑائی میں جاں بحق بلوچوں کے لواحقین دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی اور انتشار کےلئے بھارت فنڈنگ کررہا ہے، افغانستان جاکر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، علیحدگی پسند بلوچ لیڈر اپنی ذات اور پیسے کیلئے یہ سب کچھ کر رہے ہیں، وہ پڑوسی ممالک میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی این اے کمانڈرز کو افغانستان میں بڑے بڑے بنگلے اور گاڑیاں دی گئی ہیں، اس چیز کو دیکھ کر مجھے پتا چلا کہ یہ لوگ ملک دشمن ہیں اور اسی لیے میں نے بی این اے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا، افغانستان کی پچھلی اور موجودہ دونوں حکومتیں بلوچ علیحدگی پسند رہنماؤں کی مدد کررہی ہے، اب بھی وہاں لوگ موجود ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110