اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : پاکستانی ذرائع
بدھ

14 فروری 2024

6:30:13 AM
1437594

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین اسمبلی کی ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔۔۔ علامہ راجہ ناصر جعفری

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے متحدہ وحدت المسلمین کے ساتھ اتحاد کے اعلان پر چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر جعفری نے جواب دے دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت المسلمین میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم اسے غیر مشروط طور پر، من وعن قبول کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر نے لکھا کہ ہمارا روز اول سے یہ مؤقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کے حصول کے بیانیہ کی بنیاد پر ہے، جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔

علامہ راجہ ناصر نے لکھا کہ ’عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار اور باوقار ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی‘۔

۔۔۔۔

آزاد امیدواروں کا مجلس وحدت المسلمین پاکستان میں ضم ہونے کا امکان ہے۔۔۔ ڈان نیوز

ڈان نیوز نے خبر دی ہے کہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) بھی موجودہ صورتحال کا حصہ بن گئی ہے جس کا 2014 میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے کے بعد سے پی ٹی آئی سے دیرینہ تعلق رہا ہے۔

دونوں جماعتوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کا مجلس وحدت المسلمین میں ضم ہونے کا امکان ہے تاکہ انہیں منظم کیا جاسکے اور خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں بھی حاصل کی جاسکیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے حمید حسین این اے-37 کرم (پاراچنار) کی نشست 58 ہزار 650 ووٹوں کے ساتھ جیتنے میں کامیاب رہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے ساجد طوری کو شکست دی جنہوں نے 54 ہزار 384 ووٹ حاصل کیے۔

اتفاق سے مجلس وحدت المسلمین پی پی 18 راولپنڈی سے جیتنے والے اپنے امیدوار راجہ اسد عباس کی موجودگی کے سبب پنجاب اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کو یہی فائدہ پہنچانے کی پوزیشن میں ہے۔

پنجاب اسمبلی میں 297 جنرل نشستیں ہیں جن میں سے 66 خواتین کے لیے اور 8 غیر مسلموں کے لیے مخصوص ہیں۔

مجلس وحدت المسلمین یا کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے سے پی ٹی آئی پنجاب میں 24 خواتین اراکین اسمبلی کی نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے بتایا کہ پارٹی اجلاسوں میں اس موضوع پر بہت زیادہ بحث ہوئی ہے اور کئی آپشنز زیر غور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح اپنی پارٹی کو قائم کرنا ہے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ایسا کیسے کر پائیں گے۔

رؤف حسن نے مزید کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی مجلس وحدت المسلمین یا کسی دوسری جماعت میں شامل ہوں گے یا آزاد رہیں گے، اِس کا فیصلہ آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔

تاہم مجلس وحدت المسلمین کے سیاسی امور کے سیکرٹری اسد نقوی نے کہا کہ اس حوالے سے تاحال پی ٹی آئی قیادت سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110