اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران
پیر

5 فروری 2024

7:49:15 AM
1435333

ایران امریکہ سے نہیں ڈرتا۔۔۔ لنڈسی گراہم

ایک امریکی قانون ساز نے کہا کہ ایران ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے نہیں ڈرتا چنانچہ امریکی پالیسی کو بدلنا چاہئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ کے مطابق، امریکہ کے انتہاپسند ریپبلکن سینیٹر لنڈسی گراہم نے مشرقی معیاری وقت کے مطابق اتوار [4 فروری 2024ع‍] کی رات فاکس نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے یمن، شام اور عراق میں بعض ٹھکانوں پر امریکی بمباریوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ایران امریکی حملوں سے بالکل خوفزدہ نہیں ہوتا۔

لنڈسی گراہم نے مزید کہا: اگر ان حملوں کا مقصد یہ ہے کہ مقاومت کو حملوں سے روکا جائے تو ہم نے المناک شکست کھائی ہے اور وہ ہم سے نہیں ڈرتے۔ ہمیں اپنی پالیسی تبدیل کرنا پڑے گی، لوگ ہم سے نہيں ڈرتے۔ یہ سینکڑوں ٹھکانوں پر حملہ بالکل غیر اہم ہے۔ امریکہ کو ایرانی تنصیبات پر حملہ کرنا چاہئے۔

دریں اثناء وائٹ ہاؤس کے سلامتی امور کے مشیر جیک سولیوان نے این بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: امریکہ ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر مزید حملے کرنا چاہتا ہے۔

امریکہ نے چند روز قبل اردن میں اپنے خفیہ اڈے پر ڈرون حملے کے جواب میں جمعہ کی رات کو شام اور عراق میں 85 ٹھکانوں پر بم برسائے۔ اگرچہ بعد میں معلوم ہؤا کہ 90 فیصد ٹھکانے نفری اور سازوسامان سے خالی تھے۔

ادھر امریکہ نے حالیہ چند ہفتوں میں برطانیہ کی شراکت سے یمن میں کئی جگھوں پر بمباری کی ہے لیکن یمن نے بھی بحیرہ احمر میں امریکی اور برطانوی جہاز پر حملے جاری رکھے ہیں اور کہا ہے کہ دشمن کے تمام حملوں کا مناسب جواب دیا جاتا رہے گا، اور غزہ پر صہیونی جارحیت خاتمے تک حملے جاری رہیں گے۔

سولیوان نے کہا: کہ بائیڈن نے "سنجیدہ جواب" دینے کی ہدایت کی ہے اور ہماری جوابی کاروائیاں جاری ہیں۔

دریں اثناء بہت سے امریکی حکام اور ذرائع نے کہا ہے کہ بائیڈن نے جوابی کاروائی میں تاخیر کرکے مقاومت کے کارکنوں کو اڈے خالی کرنے کا موقع دیا اور امریکی حملے یکسر ناکام رہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے امریکہ اور برطانیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اور لندن علاقائی سطح حملے کرکے افراتفری، بدنظمی، بدامنی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں اور ان کا مقصد غاصب صہیونی ریاست کو سانس لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔

110