اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
پیر

5 فروری 2024

6:57:10 AM
1435316

پاکستانی عدالت کا سابق وزیر اعظم کے خلاف دوران عدت نکاح کیس! کا فیصلہ، فریقین کو مزید سات سات سال قید کی سزا

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر سول جج قدر ت اللہ نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشری ٰ بی بی کا نکاح غیر شرعی قرار دیتے ہوئے 7 ، 7 سال قید کی سزا اور 5، 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں غیر شرعی نکاح کیس کی 14 گھنٹے طویل سماعت کی اور دلائل مکمل ہونے اور استغاثہ کے چاروں گواہان پر جرح کا عمل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آخرکار سنا دیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے گواہوں پر جرح کی جبکہ بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے گواہوں پر جرح کی۔ گواہوں میں خاور مانیکا، عون چوپدری، نکاح خواں مفتی سعید اور ملازم لطیف عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں ملزمان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے شہادت صفائی اور دلائل پیش کیے اور ایک گواہ کو پیش کرنے کی اجازت مانگی جو مسترد ہوئی اور فیصلہ محفوظ کیا گیا۔

دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے سیکشن 249-A کے تحت بریت درخواست اور سیکشن 179 کے تحت عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق دائر درخواستیں بھی مسترد کی گئی۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی نے اپنے بیان میں 14 نومبر 2017 کا طلاق نامہ من گھڑت قرار دیا اور بیان دیا کہ خاور مانیکا نے مجھے زبانی طلاق ثلاثہ اپریل 2017 میں دی، اپریل سے اگست 2017 تک میں نے اپنی عدت کا دورانیہ گذارا اور اپنے والدہ کے گھر منتقل ہوگئی تھی اور یکم جنوری 2018 کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے نکاح ہوا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110