اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : روزنامہ پاکستان
پیر

5 فروری 2024

6:34:02 AM
1435309

پاکستان: ڈی آئی خان میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ، 10 اہلکار جان بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس تھانے پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد نامعلوم دہشت گرد فرار ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، علاقے کے پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان کی تحصیل درابن کے تھانہ چودھوان پر رات گئے دہشت گردوں نے بھارتی ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے تھانے پر رات 3 بجے کے قریب چاروں اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے پہلے اسنائپر گولیاں چلائیں اور پھر چودھوان پولیس اسٹیشن میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی۔

اس دوران دہشت گردوں نے دستی بموں کا بھی استعمال کیا، حملے کے نتیجے میں 10 پولیس شہید اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی اضافی تھانہ پہنچ گئی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے نامعلوم دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے۔

پولیس شہداء میں ایلیٹ فورس کے 6 اہلکار بھی شامل ہیں۔

ڈی ایس پی درابن ملک انیس الحسن نے بتایا کہ تھانے کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد دہشت گردوں نے دستی بموں کا استعمال کیا جس سے پولیس کو زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ درابن میں پولیس پر اس نوعیت کا یہ دوسرا حملہ ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

ارشد حسین شاہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110