اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

2 فروری 2024

6:29:46 AM
1434453

طوفان الاقصی؛

غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں 48 امریکی شہروں میں قراردادیں منظور / شکاگو جنگ بندی کا حامی سب سے بڑا شہر

شکاگو میونسپل کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں قرارداد منظور کر لی، جو امریکہ کی اسرائیل کی حمایت پر احتجاجات کا دائرہ وسیع تر ہونے کی عکاس ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، شکاگو کی میونسپل کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں قرار داد منظور کر لی ہے جو گوکہ قانونی اثرات نہیں رکھتی لیکن اس حقیقت کی عکاس ہے کہ امریکی معاشرے میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی یکطرفہ حمایت پر احجاجات کا دائرہ بہت وسیع ہو چکا ہے۔

این بی سی نیوز کی ویب سائٹ نے لکھا: اب تک 48 امریکی شہروں نے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں قراردادیں منظور کر لی ہیں۔

تاہم امریکی حکومت اب تک ـ اسرائیلی بیانیے کو دہرا دہرا کر ـ کہتی رہی ہے کہ دائمی جنگ بندی اسرائیل کے مفاد میں نہیں ہے اور اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد کی منظوری کی قرادادوں کو ویٹو کر دیا ہے۔

اس کے باوجود، امریکہ میں، غزہ پر مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے خاتمے اور دائمی جنگ بندی کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کل (جمعرات یکم فروری 2024ع‍ کو) ایک رپورٹ موصول ہوئی کہ امریکی مظاہرین نے امریکی کانگریس بلڈنگ کے سامنے دھرنا دیا اور امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کی کوشش کرے۔

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: "بائیڈن کو چھوڑ دو، جنگ بندی اسی وقت"، "فلسطین کو آزاد کرو"، "اسرائیل کو دی جانی والی امداد بند کرو"، "قبضہ گری کا خاتمہ کرو"۔

انگریزی زبان کی ویب سائٹ "نیشنل" نے رپورٹ دی ہے کہ احتجاج کرنے والوں کا ایک نعرہ "اغوا شدہ سرزمین میں امن، نامنظور / ہمارا مطالب عدل و انصاف ہے"، تھا۔ یہ مظاہرہ جمعرات کی صبح کو ہؤا اور مظاہرین نے ٹریفک بند کرنے کی کوشش کی۔

واشنگٹن ڈی سی کی ٹریفک پولیس نے X نیٹ ورک پر اپنے پیغام میں رپورٹ دی کہ بعض سڑکیں مظاہروں کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احکامات کی طرف توجہ دیں اور متبادل راستوں سے استفادہ کریں۔

امریکہ نے غزہ پر صہیونی جارحیت کے ابتدائی دن سے ہی اسرائیل کی ہمہ جہت حمایت کی ہے اور غزہ پر استعمال ہونے والے تمام ہتھیار اور گولہ بارود امریکی ہیں، اور امریکہ سے مختلف قسم کے ہلاکت خیز ہتھیار مسلسل تل ابیب منتقل کئے جا رہے ہیں اور بائیڈن انتظامیہ اپنے ہی عوام ـ اور کانگریس کے بعض اراکین کے غزہ میں جنگ بندی کے پرزور مطالبے کو نظرانداز کرتی آئی ہے۔

بہرحال امریکہ نے اپنی پوری ساکھ صہیونیوں پر قربان کردی ہے، اور جیسا کہ اسرائیل ـ بعد از جنگ ـ جنگ سے پہلے کا سا اسرائیل نہیں رہے گا امریکہ بھی اس جنگ سے پہلا کا سا امریکہ نہیں رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110