اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
بدھ

31 جنوری 2024

6:58:18 AM
1433947

توشہ خانہ کیس، سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 14، 14 سال کی سزا

عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے نااہل بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ سزا کے ساتھ 78 کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، پاکستانی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ توشہ خانہ کیس کے نام سے مشہور ہونے والے مقدمے کی سماعت بدھ کو احتساب عدالت میں ہوئی جس کے جج جسٹس محمد بشیر نے سزا سنائی۔ عدالت کے فیصلے بعد بشرٰی بی بی اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری دے دی۔

عمران خان اور ان کی اہلیہ کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے نااہل بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ سزا کے ساتھ 78 کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

سماعت کے موقع پر بشرٰی بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ تحریک انصاف کے مطابق بشری بی بی نے لیگل ٹیم سے مشاورت کرنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری دے دی۔

سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان سے جب 342 کے بیان کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ وہ کمرے میں ہے اور مجھے یہاں صرف حاضری کے لیے بلایا گیا ہے۔

اس پر عدالت نے کہا کہ آپ فوری طور اپنا بیان جمع کرادیں اور عدالتی وقت خراب نہ کریں۔

جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ میں صرف حاضری کیلئے آیا ہوں اور یہ کہہ کر کمرہ عدالت سے واپس چلے گئےجس کے بعد جج بشیر نے عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کا فیصلہ سنا دیا۔

توشہ خانہ کیس ہے کیا؟ الزامات کیا ہیں؟

توشہ خانہ ریفرنس میں کہا گیا کہ وزرات عظمیٰ کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی طرف سے 108 تحائف ملے جس میں سے ملزمان نے 58 قیمتی تحائف خود رکھ لیے۔

ریفرنس میں مزید بتایا گیا کہ ’108 تحائف میں سے بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے جبکہ عمران خان نے جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا۔

توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔

بشریٰ بی بی اور عمران خان نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔

ریفرنس کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ کی 90 لاکھ روپے ادائیگی کی۔

تحقیقات کے مطابق قیمت پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جو اصل قیمت سے انتہائی کم تھی۔ جیولری سیٹ کی قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی نے قومی خزانے کو 1573 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110