اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا و دیگر منابع
پیر

29 جنوری 2024

9:28:38 PM
1433566

اسرائیل سے وابستہ چار جاسوس دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی

ایران میں پیر کی صبح چار افراد کو پھانسی دے دی گئی، انہیں صہیونی دشمن کی ہدایت پر ایرانی دفاعی تنصیب سبوتاژ کرنے کے منصوبے میں تعاون کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، ایرانی عدلیہ نے بتایا ہے کہ چار مدعا علیہان محمد فرامرزی، محسن مظلوم، وفا آذربار، پژمان فتحی کو جولائی 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

میزان آن لائن ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ملزمان پر ایران کے مرکزی صوبے اصفہان میں وزارت دفاع کے مرکز میں دہشت گردانہ کاروائی کی سازش کا الزام تھا۔

قبل ازیں میزان آن لائن نے رپورٹ میں کہا ہے کہ صہیونی جاسوسی تنظیم موساد سے وابستہ ایک گروپ کے چار ارکان کو سزائے موت سنائی گئی جنہیں اصفہان میں بم دھماکے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایران کے مطابق ان چاروں افراد کو اسرائیل کی انٹیلی جنس سروس موساد نے ایران میں آپریشن کرنے سے تقریباً ڈیڑھ سال پہلے بھرتی کر لیا تھا۔

عدلیہ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان چاروں افراد کو ’فوجی مراکز میں تربیتی کورسز‘ کے لیے افریقی ممالک بھیجا گیا جہاں موساد کے افسران نے انہیں تربیت دی تھی۔

ملزمان کو ستمبر 2023 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

اگست 2023 میں ایران نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنی بیلسٹک میزائل انڈسٹری کو ’سبوتاژ‘ کرنے کے لیے موساد کے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔

تہران نے فروری 2023 میں اصفہان میں قائم ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملے کی ذمہ داری کا الزام اسرائیل پر لگایا تھا۔

ایران فلسطین اور مسجد الاقصی کی آزادی کا علمبردار اور فلسطینی مقاومتی تنظیموں کا واحد حامی ہے اور اسرائیل کی طرف سے اس کو مسلسل سازشوں کا سامنا ہے، اور صہیونیوں نے ایران کے کئی ایٹمی سائنسدانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے؛ اور ایران نے اب تک درجنوں جاسوسوں اور کرائے کے قاتلوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔

امر مسلم ہے کہ اسرائیل اور اس کا اتحادی امریکہ خطے میں مسلسل بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں اور امریکہ اور اس کے اتحادی ـ بشمول اسرائیل اور یورپی ممالک ـ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے خطے میں مسلسل افراتفری اور بدامنی کے خواہاں ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110