اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
پیر

29 جنوری 2024

6:45:48 AM
1433353

وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے + تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ پاکستانی وزیر خارجہ کی دعوت پر، پاکستانی حکام سے بات چیت کی غرض سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر، ایک اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ پاکستان کے اعلی حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

امیرعبداللہیان نے اتوار کے روز [مورخہ 28 جنوری 2024ع‍ کو] پاکستان کے دورے سے قبل، کہا: ہم دشمنوں کو دو طرفہ دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انھوں نے کہا: حالیہ ایام میں دہشت گردوں نے عراق اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد ہم نے ان ممالک کے حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کئے۔

ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی حال ہی میں ارنا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو بہت مثبت اور برادرانہ قرار دیا اور کہا: میں نے ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور ہم دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بات چیت کریں گے۔

انھوں نے کہا: دو ملکوں کے درمیان تعلقات بہت قریبی ہیں اور میں بھائی امیرعبداللہیان کے دورہ اسلام آباد سے بہت خوش ہوں۔

یاد رہے کہ امیر عبداللہیان نے پہلی بار دوطرفہ بنیاد پر اس وقت کے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اگست 2023ع‍ کو پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس سے پہلے انھوں نے دسمبر 2021ع‍ میں افغانستان کی صورت حال پر منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110