اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : پاکستانی ذرائع
اتوار

28 جنوری 2024

10:56:27 PM
1433307

ایرانی علاقے میں پاکستانی شہریوں کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں: ایران

ایران نے جنوب مشرقی صوبے میں 9 پاکستانی شہریوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک ’دشمنوں‘ کو اپنے برادرانہ تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: سنیچر کو اُن کے ملک میں قابل مذمت واقعہ پیش آیا جس کے بارے میں تحقیقات ہو رہی ہے۔

ایران میں پاکستان کے سفیر اور انسانی حقوق کے ایک گروپ نے بتایا تھا کہ سنیچر کو ایران کے جنوب مشرقی سرحدی علاقے سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نو پاکستانی شہریوں کو قتل کر دیا تھا۔ یہ لوگ گاڑیاں مرمت کرنے والی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور وہیں اُن کی رہائش بھی تھی۔

پاکستان نے بھی اس ’ہولناک‘ واقعے کی مذمت کی اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ’ایران اور پاکستان دشمنوں کو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

واضح رہے کہ یہ واقعہ پاکستانی اور ایرانی سفیروں کے تبادلے کے صرف ایک دن بعد ہوا ہے۔

ایران میں ایندھن کی قیمتیں دنیا میں سب سے کم ہیں اور اس کی وجہ سے ایرانی سرحدی محافظوں کے کریک ڈاؤن کے باوجود پاکستان اور افغانستان کو ایندھن کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110