اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران
بدھ

17 جنوری 2024

3:15:17 PM
1430159

غزہ کی تباہی پر صہیونیوں کو سعودیوں کا انعام؛

مسئلہ فلسطین حل ہوجائے تو اسرائیل کو تسلیم کر سکتے ہیں۔۔۔ سعودی عرب

‎‎سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا: اگر مسئلۂ فلسطین حل ہوجائے تو ممکن ہے کہ ہم "اسرائیل" کو تسلیم کریں!

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے منگل [16 جنوری 2023ع‍] کے دن ڈیوس (Davos) میں عالمی اقتصادی فورم میں ـ اس سوال کے جواب میں کہ "کیا سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے بعد، اسرائیل کو ایک وسیع تر سمجھوتے کے دائرے میں تسلیم کرے گا"، ـ کہا: یقینا!

انھوں نے کہا: غزہ کی صورت حال کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے، اسرائیلی اقدامات امن کو خطرے میں ڈالتے ہیں، اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کا کوئی اشارہ نظر نہیں آتا، ہم کشیدگی کم کرنے کے لئے راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں، جس کا لازمہ یہ ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ بند ہو جائے، غزہ کی جنگ پورے خطے کو بڑے خطروں کی طرف لے جا رہی ہے، ہم غزہ میں فوری جنگ بندی چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا: بحیرہ قلزم میں کشیدگی کم کرنا ہماری ترجیح ہے، بحری جہازوں پر حملے غزہ کی جنگ سے جڑے ہوئے ہیں، اگر مسئلہ فلسطین حل ہو جائے تو ہم اسرائیل کو تسلیم کر سکتے ہیں۔ [تمہید میں مظالم کا تذکرہ، اور آخر میں انعام کا وعدہ، بزدل حکمرانوں کی عجیب منطق]

سعودی ولی عہد نے بھی اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے ہونے والے دو طرفہ مذاکرات میں تعطل کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا: ہم ہر روز تعلقات کی بحالی کے مرحلے کے قریب تر ہو رہے ہیں۔

انھوں نے فاکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا: اگر بائڈن انتظآمیہ سعودی ـ اسرائیلی سمجھوتہ منعقد کرنے میں کامیاب ہوجائے تو یہ سرد جنگ کے بعد کا سب سے بڑا سمجھوتہ ہوگا اور یہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب نیز علاقائی اور عالمی امن کے لئے مفید ہوگا!

انھوں نے کہا: امید ہے کہ ہم اس مرحلے پر پہنچ سکیں کہ فلسطینیوں کی زندگی آسان ہوجائے، اسرائیل مشرق وسطی کا حصہ بن جائے!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110