اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

5 دسمبر 2023

8:16:32 PM
1417682

صدر کیوبا کا دورہ تہران؛

امریکہ اور مغربی ممالک کے جبر کے خلاف عالمی اتحاد قائم کیا جائے۔۔۔ رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای

انقلاب اسلامی کے رہبر معظم امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے کیوبا کے صدر سے مخاطب ہوکرایران اور کیوبا کی بے شمار سیاسی اور معاشی صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ صلاحیتیں ان ممالک کا اتحاد قائم کرنے کی راہ میں بروئے کار لائی جا سکتی ہیں جو مغربی امریکہ اور مغربی ممالک کے جبر کے خلاف ایک جیسا موقف رکھتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کانیل (Miguel Díaz-Canel) نے منگل [4 دسمبر 2023ع‍] کو رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب نے اس موقع پر امریکی اور مغربی جبر کے مقابلے میں یکسان موقف رکھنے والے ممالک کا اتحاد قائم کرنے کے سلسلے میں ایران اور کیوبا کی سیاسی اور اقتصادی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا اور فرمایا: معاشی تعاون پر مرکوز یہ اتحاد مسئلۂ فلسطین سمیت اہم عالمی مسائل کے سلسلے میں مشترکہ اور مؤثر موقف اپنا سکتا ہے۔

آپ نے فلسطین کے مسائل کے بارے میں فرمایا: مسئلۂ فلسطین صرف غزہ کے موجودہ مسائل اور بمباریوں تک محدود نہیں ہے کیونکہ فلسطینی عوام گذشتہ 75 برسوں سے ختلف قسم کے تشدد، رنج و مشقت اور قتل عام کا سامنا رہا ہے، لیکن آج غزہ کا المیہ اس قدر عظیم ہے کہ اس کی وجہ سے فلسطین کے حقائق عالمی رائے عامہ کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں اور انہیں مزید چھپایا نہیں جا سکتا۔

امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے فرمایا: عالمی مسائل، بالخصوص فلسطین کے مسئلے، کے سلسلے میں کیوبا کے سربراہ جناب میگوئل ڈیاز کانیل کا موقف اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہم آہنک اور یکسان ہے اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں، اور دو ملکوں کو سائنسی شعبے میں باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کا اہتمام کرنا چاہئے؛ اور اس حقیقت کی رو سے ـ کہ جناب سید ابراہیم رئیسی کی حکومت "کام اور فعالیت" کی حکومت ہے ـ مجھے امید ہے کہ باہمی سمجھوتوں اور مفاہمتوں کو آگے بڑھایا جائے اور عمل درآمد اور اقدام کے مرحلے میں پہنچ جائیں۔

امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے کیوبا کے سابق قائد جناب فیڈل کاسترو کے ساتھ اپنی 22 سال قبل کی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: کیوبا کا انقلاب اور جناب کاسترو کی شخصیت اسلامی انقلاب سے پہلے بھی ایران کے انقلابیوں کے لئے کشش رکھتی تھی اور اس کا سبب یہ تھا کہ وہ اپنے انقلاب موقف میں بالکل سچے تھے۔

آپ نے فرمایا: "انقلابی صداقت"، "انقلابی استقامت" اور "انقلاب سنجیدگی" انقلاب کیوبا، ایران کے اسلامی انقلاب کے اشتراکات ہیں۔

اس موقع پر کیوبا کے صدر نے کہا: دو ملک امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مداخلتی اقدامات اور پابندیوں سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتے ہیں، نیز ایران اور کیوبا بین الاقوامی سطح پر تعاون کے سلسلے میں اپنے رابطوں کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں، اور فلسطین جیسے عالمی مسائل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدر میگوئل ڈیاز کانیل نے فلسطین اور غزہ کے مسائل کے بارے میں کہا: جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے، یہ ایک ناقابل قبول نسل کُشی ہے اور بین الاقوامی اداروں نے غزہ کے ہزاروں باشندوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں جن میں دو تہائی بچے اور خواتین شامل ہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا کی صورت حال بہت بری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110