اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
جمعہ

3 مارچ 2023

10:19:58 AM
1350104

عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی فعالیت؛

عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی چار نئی مصنوعات کی تقریب رونمائی / شورائے کتاب کو خراج تحسین

جمعرات دو مارچ کو عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی تیار کردہ چار ویب بیسڈ مصنوعات "جامع راہنما پورٹل"، "اسمبلی کا ڈیجیٹل کتب خانہ"، "اہل بیت(ع) تحقیقی نیٹ ورک" اور "سراج ڈیجیٹل ثقافتی - تبلیغی خصوصی شمارہ" کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔

عالمی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات مورخہ دو مارچ 2023ع‍ کو قم المقدسہ میں عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے کانفرنس ہال میں، اسمبلی کی تیار کردہ چار مبنی بر ویب مصنوعات "جامع راہنما پورٹل"، "اسمبلی کا ڈیجیٹل کتب خانہ"، "اہل بیت(ع) تحقیقی نیٹ ورک" اور "سراج ڈیجیٹل ثقافتی - تبلیغی خصوصی شمارہ" کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر جنرل مطالعات و تحقیقات، حجت الاسلام عبداللہ توانا، نے حاضرین کو  خوش آمدید کہتے ہوئے بیان کیا: عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا مشن دنیا والوں تک اہل بیت (علیہم السلام) کا پیغام پہنچانا ہے چنانچہ جدید ترین وسائل اور اوزاروں سے استفادہ کرتے ہوئے اس مشن کی تکمیل کی ضرورت ہے۔ لہذا ہم نے اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کی تاکید کے پیش نظر شیعہ معارف و تعلیمات کی ترویج و تبلیغ کے لئے جدید وسائل بروئے کار لانے کی سمت میں قدم آگے بڑھایا۔

تقریب کے دوسرے مقرر اسمبلی کے علمی و ثقافتی نائب سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر مہدی فرمانیان تھے جنہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: رہبر معظم امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) اسمبلی کی سرگرمیوں میں ارتقائی عمل کے خواہاں ہیں اور سیکریٹر جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی نے بھی اسی سلسلے میں ہدایات جاری کرتے رہے ہیں چنانچہ شورائے کتاب میں نئی تبدیلیاں عمل میں لائی گئیں اور یہ شوری 14 خصوصی اور خودمختار شعبوں میں تقسیم ہوئی اور اس کی پالیسی تبدیل کی گئی تا کہ اس سے بہتر استفادہ کیا جا سکے،

نیز گوگل اسکالر پروگرام کے علمی مشیر اور علامہ طباطبائی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید مہدی طاہری نے گوگل اسکالر اہل بیت (علیہم السلام) کے شعبے کے نیٹ ورک کے بارے کچھ وضاحتیں کیں۔ راہنما پورٹل کا منصوبہ سائبر اسپیس کے ڈائریکٹر جنرل حسن صدرائی عارف نے پیش کیا۔ جناب نیک بخت نے"سراج ڈیجیٹل ثقافتی - تبلیغی خصوصی شمارہ" کا تعارف کرایا اور حجت الاسلام نبوی نے ڈیجیٹل کتب خانے اور اسمبلی کے نیٹ ورک کے بارے میں وضاحت کی۔ آیت اللہ محمد ہادی یوسفی غروی نے شورائے کتاب کی سرگرمیوں کے بارے میں وضاحت کی۔

عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی شورائے عالی کے رکن، آیت اللہ مہدی ہادوی تہرانی اس تقریب کے خصوصی مقرر  تھے جنہوں نے کہا: آج کے زمانے میں انٹرنیٹ تمام انسانوں کی زندگی میں داخل ہو چکا ہے اور اگر انٹرنیٹ بند ہوجائے تو انسانی زندگی سنجیدہ بحران کا شکار ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا: انٹرنیٹ کی فضا میں اربوں صارفین مصروف عمل ہیں اور انٹرنیٹ کی فضا میں اہم بات یہ ہے کہ ہمیں دیکھا جائے اور یہ دیکھا جانا ہمارے پیش کردہ متون کے استحکام پر موقوف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مناسب معطیات و محتویات پیش کرنا، انٹرنیٹ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام کوئسٹ نامی ویب سائٹ - باوجود اس کے کہ وسیع ییمانے پر فنی صلاحیتوں پر استوار نہیں ہے - اپنے متون کے اتقان (استحکام اور استواری) اور قابل اعتماد ہونے کے بموجب ہزاروں افراد کے ہاں قابل قبول ہے اور ہزاروں ویب گاہیں اس سے استناد کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا: ویب کی دنیا میں مواد کی تیاری (Content Production) ایک مشکل کام ہے، اور اگر مواد کی تیاری اتقان اور استحکام کے ساتھ ہو تو یہ مواد صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب راغب کرائیں گے۔

آیت اللہ ہادوی نے عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے منتظمین اور مدیران کو تجویز دیتے ہوئے کہا: جن سافٹ ویئرز میں اداروں، اسلامی مراکز، ویب گاہوں وغیرہ کا تعارف کرایا جاتا ہے، ان سب کی سطح یکسان نہیں ہے اور ان کے محتویات اور صلاحیتوں میں بہت زیادہ فرق ہے، لہذا مراکز، ویب گاہوں اور اسلامی مراکز کی درجہ بندی کے اعتبار سے متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا: ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دوسروں کی صلاحیتوں سے ادائیگی کئے بغیر استفادہ کر سکیں، چنانچہ اس حوالے سے تعاملی روش (اور Interaction) کی اہمیت ناقابل انکار ہے اور عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی بہت سازے مبلغین اور اداروں سے رابطے میں ہے، چنانچہ ضرورت ہے کہ ان کی فعال شراکت داری سے استفادہ کرے اور ایک مناسب ماحول اور پلیٹ فارم تیار کرکے مبلغین، اداروں اور بین الاقوامی انسٹی ٹیوٹس کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

جناب ہادوی تہرانی نے مزید کہا: اتقان و استحکام اور تعاون و شراکت کے ساتھ مقاصد تک پہنچا جا سکتا ہے۔ عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی اپنے وسائل اور صلاحیتوں کی مدد سے ویب کی دنیا میں مکتب اہل بیت (علیہم السلام) کی ترویج کے لئے مستحکم معطیات و مندرجات اور قابل اعتماد متون و استدلالات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس تقریب کے آخر میں حوزہ علمیہ کی سطوح عالیہ کے استاد اور عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمیں جدید دنیا میں جدید وسائل اور اوزاروں سے، اس طرح سے کام کرنا چاہئے کہ ہمیں دیکھا جائے اور عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کو علمی اور روحانی مرکز و مرجع کی سطح پر پہنچنا چاہئے جس کے لئے یقینا خاص قسم کے امکانات و وسائل کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا: رہبر انقلاب اسلامی عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی سے ارتقائی منازل طے کرنے اور اس حوالے سے فکری اور نظری شعبوں کے ماہرین اور مفکرین کی خدمات حاصل کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا: کتاب کی فزیکی اشاعت کے اپنے خاص اثرات ہیں لیکن آج جدید وسائل کے یش نظر ڈیچیٹل کتب کی اشاعت کی طرف بڑھنا چاہئے اور ہمیں دستیاب وسائل سے مدد لے کر اپنے اعلی مقصد تک پہنچنا چاہئے۔

انھوں نے شورائے کتاب کے اراکین کی زحمتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا: شورائے کتاب کے تمام اراکین ماہر ہیں اور برسوں سے اس میدان میں محنت کرتے آئے ہیں، شورائے کتاب اور دوسرا کوئی شعبہ، ابھی غیر فعال نہیں ہؤا ہے، اور اب ان شعبوں کو اپڈیٹ ہونا چاہئے اور تمام امور کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ماہرانہ انداز سے انجام دینا چاہئے۔

آیت اللہ رمضانی نے کہا: انقلاب اسلامی ایران نے جدید مفاہیم کے ہم معنی الفاظ بنائے ہیں، انقلاب اسلامی نے لبرل ڈیموکریسی کے مقابلے میں "دینی مردم سالاری" (دییی جمہوریت) کا عنوان ایجاد کیا۔ نیز انقلاب کے دوسرے قدم کے بیانیئے میں "اسلامی طرز زندگی" کا عنوان درحقیقت اسلامی تمدن کا سافٹ ویئر ہے اور ہمیں مغرب کے مقابلے میں اسلامی طرز زندگی کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ترقی دینا پڑے گی۔ اس سلسلے میں ہمیں معطیات و محتویات (اور مواد و مندرجات) تیار کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ تو اس میدان کے فاتح نہیں بن سکیں گے۔ چنانچہ جیسا کہ کہا گیا ہمیں مضبوط اور مستحکم و استوار محتویات کی تیاری پر توجہ دینا پڑے گی۔

انھوں نے ویب کی دنیا میں عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی فعالیتوں کی تشریح کرتے ہوئے کہا: دو ہفتے پہلے ایک ایپ بعنوان "نباء" کی رونمائی ہوئی اور ویکی شیعہ میں چھ مزید زبانوں کا اضافہ ہؤا اور یوں اس سائبر انسائیکلوپیڈیا کی زبانوں کی تعداد 22 تک پہنچی۔ اور اس تقریب میں، گوگل اسکالر کے ڈومین پر اہل بیت(ع) کے تحقیقاتی نیٹ ورک، راہنما ویب سائٹ، اسمبلی کے ڈیچیٹل کتب خانے اور سراج ڈیجیٹل ثقافتی - تبلیغی خصوصی شمارے کی رونمائی ہو رہی ہے۔

انھوں نے آخر میں ایک بار پھر اسمبلی کی شورائے کتاب اراکین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قابل فخر کارنامے سرانجام دیئے ہیں، اور مفکرین و اور ماہرین کو دعوت دی کہ وہ اسمبلی کی بہتر فعالیت کی خاصر اپنی تجاویز پیش کریں۔

اس تقریب میں آیت اللہ محمد ہادی یوسفی غروی، شیخ علی اسلامی، حجت الاسلام سید منذر حکیم، حجت الاسلام معین حسن دقیق، ڈاکٹر محمد ناصر سقائے بے ریا، محمد فاکر میبدی نیز آیت اللہ کاردان کے اہل خانہ کو شیلڈ دی گئی اور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے آخر میں عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کی تیار کردہ چار ویب بیسڈ مصنوعات "جامع راہنما پورٹل"، "اسمبلی کا ڈیجیٹل کتب خانہ"، "اہل بیت(ع) تحقیقی نیٹ ورک" اور "سراج ڈیجیٹل ثقافتی - تبلیغی خصوصی شمارہ" کی تقریب رونمائی ہوئی۔

.....................

110