ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کہا کہ حضرت امام علی علیہ السلام کی محبت کا حامل شخص گناہ نہیں کریگا، امام علیؑ کی سیرت کو اپنائے گا، راہ حق پر گامزن رہے گا، اگر امام علیؑ کی صحیح تصویر لوگوں سامنے آ جائے تو ممکن ہے بہت سے محبت کرنیوالے محبت نہ کریں اور بہت سے دشمنی کرنیوالے دشمنی چھوڑ دیں۔ مولانا سید احمد اقبال رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے قلوب میں امام علیؑ کی محبت کی حرارت روز بروز شعلہ ور ہو رہی ہے، کیونکہ مولا علی علیہ السلام کی محبت اور نفرت کا محور خداوند عالم کی ذات تھی۔
شہید مظفر کرمانی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کہا کہ شہید مظفر کرمانی امیرالمومنین مولا امام علی علیہ السلام کے حقیقی شیعہ تھے، امام علی علیہ السلام کی تعلیمات کا اثر شہید مظفر کرمانی کی زندگی پر نظر آتا تھا، شہید مظفر کرمانی نے نوجوانوں کو روح کی نورانیت سے جذب کیا۔ مولانا سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شہید مظفر کرمانی نے ناصرف خود پیغام امام خمینی کو سمجھایا، بلکہ ملت کو بھی پیغام امام خمینیؑ سمجھایا اور اس کا انتظام بھی کیا اور پاکستان بھر میں منظم پروگرام مرتب کئے، اسلام ناب محمدی، نظریہ ولایت فقیہ کو سمجھانا شہید مظفر کرمانی اور ان کے رفقاء کا عظیم کارنامہ ہے۔ مولانا سید احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ شہید مظفر کرمانی پاکستان میں امریکی سازشوں اور ان کے آلہ کاروں سے بخوبی آگاہ تھے، انہوں نے اسکا بھرپور مقابلہ بھی کیا۔
مولانا سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شہید مظفر کرمانی، شہید نظیر عباس و دیگر رفقا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں امیرالمومنین مولا علیؑ کی راہ میں قربانی دی، ہمیں شہداء کو نہیں بھولنا چاہیئے، شہید مظفر کرمانی کے دوست احباب انکی یاد کو زندہ رکھتے ہیں، جو توفیق الٰہی ہے۔ مولانا سید کاظم عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید مظفر کرمانی نے اس امت کے نظریئے کو پروان چڑھانے کی جدوجہد کی، جو امام کو اپنے لئے حاکم سمجھتی ہے، شہید مظفر کرمانی کا تزکرہ ابوالآئمہ مولا علیؑ کے ساتھ ہونا یہ خود شہید کی کاوشوں کا اس دنیا میں ایک ثمر ہے۔ یوم شہداء پاکستان کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ عج سے کیا گیا۔