اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
اتوار

22 جنوری 2023

5:11:56 PM
1340235

ایران نے این پی ٹی سے نکل جانے کا عندیہ دے دیا

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف یورپ کے غیرقانونی اقدام کے جواب میں ایران کی پارلیمنٹ نے تین نکاتی مسودہ تیار کرلیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے، ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی سے نکل جانے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نےکہا کہ یورپی یونین کے صدر کے بیانات کے مطابق مغربی ممالک اس قرارداد پر عمل درآمد کے خواہاں نہیں ہیں لیکن میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر یورپ نے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا تو کوئی بھی جواب ناممکن نہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ کی قرار داد کو ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ میں یورپی افواج کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بل کو، مناسب جوابی اقدام قرار دیا۔

حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ خطے میں فوجی نقل و حرکت میں  بھی بڑی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا ایران جوابی اقدام کے طور پر این ٹی پی معاہدے سے دستبردار ہوسکتا ہے، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ اگر یورپ نے دانشمندی سے کام نہ لیا اور اپنے موقف کی اصلاح نہ کی تو پھر ہر چیز ممکن ہے۔