اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : parstoday
پیر

11 اپریل 2022

12:58:17 PM
1247008

روسی فوج کے یوکرینی فوجی اڈوں پر شدید حملے/ ماریوپول میں عام شہریوں کے قتل کا یوکرین نے کیا اعتراف

روس یوکرین جنگ اپنے سینتالیسویں دن میں داخل ہو گئی ہے۔ روسی فوج نے یوکرین کے دسیوں فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں تباہ کردیا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی فوجیوں نے اعتراف کیا ہے کہ ماریوپول میں عام شہریوں کا قتل عام خود یوکرینی فوجیوں نے کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کناشنکوف نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران یوکرینی فوج کے کم سے کم چھیاسی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات یوکرینی فوج کے جن مراکز کو تباہ کیا گیا ان میں اس کے دو کنٹرول سینٹر، ہتھیاروں کے دو گودام، ایندھن کے تین ذخائر، تین میزائل لانچنگ سسٹم اور انچاس ایسے مقامات شامل ہیں جہاں یوکرینی فوجی جمع تھے اور یا ان مقامات پر جنگی ہتھیار جمع کیے جا رہے تھے۔

ایگور کناشنکوف نے مزید کہا کہ یوکرین میں کم سے کم دو مقامات پر نصب S300 میزائل سسٹموں کو بھی ہوا سے زمین پر مار کرنے والے میزائیلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روس کے ایئر ڈیفینس سسٹم نے یوکرینی فوج کے کم سے کم آٹھ ڈرون طیاروں کو بھی مار گرایا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روسی فوج نے یوکرین میں غیر ملکی جنگجوؤں کے ایک ٹھکانے کو بھی میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔

اس درمیان اطلاعات ہیں کہ روس کی قید میں موجود بعض یوکرینی فوجیوں نے ماریو پول سٹی میں اپنے ہی ملک کے شہریوں کے بے رحمانہ قتل عام کا اعتراف کیا ہے۔ ایک یوکرینی فوجی قیدی نے بتایا کہ ماریوپول میں فوج کے ساتھ تعاون نہ کرنے والے شہریوں کو بے رحمی کے ساتھ قتل کیا گیا جن میں عورتیں بھی شامل ہیں۔ یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکہ اور مغربی ممالک روسی فوج پر یوکرین میں عام شہریوں کے قتل عام کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

اُدھر روس کے نیشنل ڈیفینس سیکریٹریٹ کے سربراہ جنرل میخائل میزن تے سوف، نے خـبردار کیا ہے کہ یوکرین، مغربی ممالک کے تعاون سے لوہانسک میں عام شہریوں کے قتل عام کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اس کا الزام روسی فوج اور جمہوریہ لوہاسنگ کی فورس پر عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت غیر ملکی صحافیوں کا گروپ سورو دونستک کے علاقے کرمنایا کے ایک اسپتال میں پہلے پہنچ گیا ہے تاکہ روسی فوجی وردی میں ملبوس یوکرینی فوجیوں کی جانب ایمبولنس گاڑیوں پر فائرنگ سمیت دیگر اشتعال انگیز اقدامات کی فلم بندی کر سکے۔

درایں اثنا عوامی جمہوریہ لوہانسک کے حکام نے حال ہی میں یوکرینی فوج کے قبضے سے آزاد ہونے والے ایک علاقے سے امریکی ساخت کے ایک ایسے سسٹم کے ضبط کیے جانے کی خـبر دی ہے جسے ریڈیو ایکٹیو اور کیمیائی اثرات کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242