10 اپریل 2022 - 20:05
اسلام کی تبلیغ اور بقاء کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنیوالا گھرانہ اولاد خدیجہ (س) کا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کے فروغ کے لئے ملیکۃ العرب حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا نے جس انداز سے جانی و مالی ایثار کا عملی اظہار کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کے فروغ کے لئے ملیکۃ العرب حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا نے جس انداز سے جانی و مالی ایثار کا عملی اظہار کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، یہ وہ ہستی ہیں جنہیں خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی معرفت حاصل تھی، دین اسلام کی ترویج میں ام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کا کردار ہمیشہ مثالی رہا، دین اسلام کی تبلیغ سے لے کر دین کی بقا کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے گھرانہ اولاد خدیجہؓ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم (ص) نے ام المومنین حضرت خدیجہ (س) سے جدائی کے سال کو ''عام الحزن''یعنی غم کا سال قرار دے کر ان کی عظمت و مرتبے کو واضح کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم (ص) کے ہر لفظ کو حکم کا درجہ دینے والی عرب کی اس عظیم ملکہ کو سماجی مقاطعہ کے دوران شعب ابی طالب میں جو سختیاں برداشت کرنا پڑیں اس پر دین اسلام ان کا مقروض ہے، حضرت خدیجہ (س) کی ذات مبارکہ اور ان کا ہر عمل خواتین کے لئے مشعلِ راہ ہے، معاشرے کو پاکیزہ بنانے کے لئے خاندان رسالت کے کردار کو شعار بنانا ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242